Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں طواف کی اجازت ملنے کے بعد لوگوں کی آمد شروع

حرم آنے والوں کی سہولت کے لیے 4 ہزار کارکنوں کو متعین کیا گیا ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
 مسجد الحرام کی پہلی منزل سے صرف طواف کعبہ کرنے والوں کو اجازت دیے جانے کے بعد اعتمرنا ایپ پر طواف کے پرمٹ کی سہولت بھی مہیا کردی گئی ہےـ
عاجل نیوز نے ادارہ امور حرمین شریفین کے ٹوئٹر پر جاری اطلاع کے حوالے سے کہا ہے کہ طواف کعبہ کے لیے مسجد الحرام آنے والوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ طواف کرنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ آسانی و سہولت کے ساتھ طواف کرسکیں۔
ادارہ امور حرمین شریفین کا مزید کہنا تھا کہ نگران اعلٰی امور حرمین ڈاکٹر شیخ عبدالرحمان السدیس کی جانب سے جاری احکامات پر عمل کرتے ہوئے مسجد الحرام میں طواف کی غرض سے آنے والوں کی سہولت و رہنمائی کے لیے 4 ہزار کارکن جن میں مردوخواتین شامل ہیں کے علاوہ 200 سپروائزرز کو متعین کیا گیا ہےـ
مذکورہ اہلکاروں کو 24 گھنٹے کی بنیاد پر شفٹوں میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ عمرہ اور طواف کرنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑےـ

طواف کرنے والوں کواعتمرنا ایپ سے پرمٹ حاصل کرنا ہوگا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

ادارے کا مزید کہنا تھا کہ مسجد الحرام کے تمام مقامات کو مستقل بنیادوں پر جراثیم کش ادوایات صاف کرنے کے بعد فضا کو معطر رکھنے کے لیے 100 کمپیوٹرائزڈ مشینوں کے ذریعے مخصوص خوشبو کا سپرے بھی کیا جاتا ہے ـ
مسجد الحرام کے مختلف مقامات کو جراثیم کش ادویات سے صاف کرنے کے لیے مکمل تربیت یافتہ اہلکاروں کا انتخاب کیا گیا ہے جو 25 منٹ میں صفائی اور دھلائی کی کارروائی مکمل کرلیتے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا کی وبا پھیلنے کے ساتھ ہی مسجد الحرام میں بھی زائرین اور معتمرین کی آمد پرپابندی عائد کردی گئی تھی تاہم رواں برس کورونا کی وبا پر کافی حد تک قابو پالینے کے بعد عمرہ زائرین کو مسجد الحرام آنے کی اجازت دی گئی تھی تاہم اس دوران صرف طواف کرنے والوں پر پابندی عائد تھی۔ 
عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز باجماعت کی ادائیگی کے لیے اعتمرنا اور توکلنا پر خصوصی پرمٹ حاصل کیا جاتا ہےـ پرمٹ کے بغیر مسجد الحرام میں داخلہ منع ہے ایسا کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہےـ

صحن میں صرف عمرہ زائرین کو ہی جانے کی اجازت ہوگی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

گذشتہ ہفتے ادارہ امور حرمین شریفین کی سکیورٹی پر مامور ادارے کے نگران نے طواف کے لیے آنے والوں کو دی جانے والی اجازت کے حوالے سے کہا تھا کہ طواف کے لیے ’اعتمرنا ایپ‘ پر پرمٹ کے حصول کی سہولت فراہم کرنے کے بعد بالائی منزل سے صرف طواف کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

شیئر: