ریاض سیزن کے لیے ایس ٹی سی کی تیز رفتار انٹرنیٹ سروس
ٹیلی کام کمپنی ایس ٹی سی نے ریاض سیزن کے ہر مقام پر تیز رفتار وائی فائی پوائنٹس کا بھی اہتمام کیا (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض سیزن کی اعلٰی سطح کی شراکت دار ٹیلی کام کمپنی ایس ٹی سی گروپ نے سٹرٹیجک شراکت کے مسلسل پانچویں برس بھی سیزن میں شرکت کرنے والے 12 ملین افراد کے لیے کامیابی سے تعاون فراہم کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایس ٹی سی گروپ نے 28 لاکھ فون کالز میں سہولت فراہم کی اور فور جی اور فائیو جی کے طاقتور نیٹ ورکس کے ذریعے 15 ہزار ٹیرابائٹ سے زیادہ ڈیٹا مہیا کیا جس سے سیزن میں آنے والے افراد کے درمیان رابطے قائم رہے جن میں 10 ہزار سے زیادہ افراد رومنگ سبسکرائبرز شامل ہیں۔
اس صلاحیت کو بلا تعطل اور رفتار کو متاثر کیے بغیر رواں رکھنے کے لیے، ایس ٹی سی نے اپنی فائیو جی کی موجودگی میں اضافے کی خاطر 14 اہم مقامات پر کوریج کے لیے 60 سائٹس قائم کیں جن میں 34 آؤٹ ڈور جبکہ 24 ان ڈور ٹاور کھڑے کیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ گروپ نے 2500 سے زیادہ اینٹینا بھی نصب کیے اور ریاض سیزن کے ہر مقام پر تیز رفتار وائی فائی پوائنٹس کا بھی اہتمام کیا۔
گروپ نے ریاض سیزن کے لیے بالخصوص جدید ترین اور تیزی سے حل مہیا کرنے والی مشینیں بروئے کار لاتے ہوئے ضرورت کے وقت فوری طور پر نیٹ ورکس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جس کے لیے اس کی خدمات بلا تعطل کے 24 گھنٹے دستیاب رہیں۔
ایس ٹی سی کی یہ کوششیں سعودی وژن 2030 کے تحت ’کوالٹی آف لائف پروگرام‘ میں تعاون کے عزم کی عکاس ہیں اور مملکت کے تفریحی شعبے کو دنیا کے بہترین انفراسٹرکچر کے ذریعے بااختیار بنانے کی اہمیت کو بھی واضح کرتی ہیں۔