Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ترکی سعودی عرب کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لیے کام کرے گا'

ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید نے گذشتہ ہفتے انقرہ کا دورہ کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
العربیہ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔
رواں سال مئی میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ترک ہم منصب میولود چاوش اولو کا مکہ میں استقبال کیا تھا۔
ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 'انہوں نے ہمارے مشترکہ ایجنڈے پر مثبت مسائل پر کام کرنے اور باقاعدہ مشاورت کرنے پر اتفاق کیا۔'
انہوں نے مزید کہا تھا کہ 'ہمارا قریبی تعاون خطے میں استحکام، امن اور خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا۔'
ترک صدر نے یہ بات منگل کو سرکاری نیوز چینل ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو کے دوران کہی تھی۔
ترکی اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات میں حالیہ بہتری کے حوالے سے طیب اردوغان نے کہا کہ 'ہم نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ جو قدم اٹھایا ہے وہ اہم اور تاریخی ہے اور میں فروری میں یو اے ای کا دورہ کروں گا۔'
ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید نے گذشتہ ہفتے انقرہ کا سرکاری دورہ کیا تھا، یہ سنہ 2012 کے بعد ان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔
ولی عہد کی ترک صدر سے بات چیت کے بعد عرب امارات نے ترکی میں سرمایہ کاری کے لیے 10 ارب ڈالر کے فنڈ کا اعلان کیا۔
طیب اردوغان نے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ 'ہم مستقبل میں مصر کے ساتھ پیش رفت کا مشاہدہ کریں گے۔'

شیئر: