Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا ترکی میں سرمایہ کاری کے لیے 10 ارب ڈالر کے فنڈ کا اعلان

ترکی اور امارات کے سینٹرل بینک نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔(فوٹو روئٹرز)
 ترکی اور متحدہ عرب امارات کے درمیان صدر طیب رجب اوردگان اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی موجود گی میں بدھ کو انقرہ میں کئی معاہدے ہوئے ہیں۔
 سرمایہ کاری کے معاہدوں پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ ترکی کے سینٹرل بینک اور امارات کے سینٹرل بینک نے دوطرفہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
اماراتی خبر رساں ادارے وام کے مطابق امارات نے ترکی میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دس ارب ڈالر مالیت سے فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نیا فنڈ سٹریٹجک سرمایہ کاری منصوبوں پر توجہ مرکوز کرے گا(فوٹو وام)

نیا فنڈ سٹریٹجک سرمایہ کاری منصوبوں پر توجہ مرکوز کرے گا خصوصا لاجسٹک سیکٹر، توانائی، صحت اور خوراک کے شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ لگایا جائے گا۔
ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ’ ترک صدر سے ملاقات میں مفید مذاکرات کیے۔ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات پر زور دیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ تعاون کے نئے افق کھولنے کے متمنی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ مل کر دونوں ملک ایک دوسرے کے مفاد کےلیے کام کریں‘۔ 
دونوں رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
ابوظبی کے ولی عہد نے ٹویٹ کی’ میں نے ترکی کے صدر طیب اوردگان سے ملاقات کی اور ہم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کومضبوط بنانے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نتیجہ خیز بات چیت کی ہے‘۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ’اوردگان اور محمد بن زاید کے مذاکرات بہت کامیاب رہے اور وہ دسمبر میں ابوظبی کا دورہ کریں گے‘۔
قبل ازیں ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نھیان ترکی کے سرکاری دورے پر بدھ کو انقرہ پہنچے تو ایوان صدارت آمد پر صدر رجب طیب اردگان نے خیر مقدم کیا۔
 شیخ محمد بن زاید کا شاندار سرکاری استقبال ہوا، انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔  
 

شیئر: