Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’80 حلقوں کا فیصلہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں سے‘

شیخ رشید کے مطابق اگلا الیکشن ای وی ایم کے ذریعے ہی ہو گا (فوٹو: وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی)
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگلے انتخابات میں ملک کے 80 حلقوں کا فیصلہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں سے ہو گا۔
بدھ کو راولپنڈی میں ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین میں تقریب سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں ایسے حلقے بھی موجود ہیں جہاں 50 ہزار تک اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ہیں۔
’پنجاب کے 40 حلقوں کا فیصلہ اوورسیز ووٹرز کے ووٹوں سے ہو گا۔‘
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ جب پاکستان تحریک انصاف کو ملیں گے تو اپوزیشن پھر دھاندلی کا رونا روئے گی۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہر سال آئی ایم ایف سے کئی گنا زیادہ پیسہ بغیر شرائط کے پاکستان بھجواتے ہیں۔
اپوزیشن کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال پر تحفظات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی کچھ بھی کہے، قانون بن چکا ہے کہ اگلے انتخابات ای وی ایم کے ذریعے ہی ہوں گے۔
’اپوزیشن نے اس پر عدالت جانا ہے یا کچھ اور کرنا ہے، اس کا فیصلہ اسے خود کرنا ہے۔‘
انہوں نے ایک بار پھر سعودی عرب اور چین کی پاکستان سے دوستی کو ہمالیہ سے بلند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان دونوں کے مشکور ہیں کہ ہر مشکل میں مدد کی۔
’چین کو الگ رکھ کر پاکستان کسی بھی بڑے فیصلے پر نہیں جا سکتا۔‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہر سال آئی ایم ایف سے زیادہ ترسیلات بھجواتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

مہنگائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ان وزرا میں سے نہیں جو حقیقت سے نظریں چرائیں۔
’مہنگائی موجود ہے تاہم اس کا حل تلاش کر رہے ہیں۔‘
اپوزیشن کے احتجاج پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے اور کیا کرنا ہے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں ایسی نالائق اپوزیشن ملی۔‘
ان سے شہباز شریف کی ملاقات کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ وہ بھائی کی تعزیت کے لیے آئے تھے۔
’چاہے ہم خوشی میں ایک دوسرے کے ساتھ نہ ہوں، لیکن غمی کے موقع پر ایک دوسرے کا خیال رکھا جاتا ہے۔‘
شیخ رشید کے مطابق ’جس قوم کی بیٹی پڑھی لکھی ہو اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔‘

شیئر: