Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم کونسل آف ایلڈرز کا آئندہ اجلاس بحرین میں ہو گا

یہ اجلاس انسانی بھائی چارے پر ڈائیلاگ2022 کانفرنس سے ہم آہنگ ہوگا۔ (فوٹو الازہر آفیشل)
مسلم کونسل آف ایلڈرز نے کورونا وبا کے باعث  مارچ 2020 میں ملتوی ہونے والے اجلاس  کے بعد مشرق و مغرب کے ڈائیلاگ کا آئندہ   اجلاس بحرین میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مسلم کونسل آف ایلڈرز ایک آزاد بین الاقوامی ادارہ  ہے جس کا صدر دفتر ابوظہبی میں واقع ہے اس کونسل کا مقصد امن، بات چیت اور رواداری کو فروغ دینا ہے۔ 
اس  مسلم کونسل کے سربراہ الازہر کےامام اعلی شیخ احمد الطیب ہیں۔  کونسل کی رکنیت میں مسلم علماء کے انتہائی اہم ارکان شامل ہے۔
مسلم کونسل اپنا آئندہ   باقاعدہ اجلاس بحرین کے دارالحکومت منامہ میں منعقد کرے گی۔ یہ اجلاس مشرق و مغرب میں انسانی بھائی چارہ پر ڈائیلاگ2022 کانفرنس سے ہم آہنگ ہوگا۔
الازہر کے امام شیخ احمد الطیب نے ڈائیلاگ کے اس آئندہ  اجلاس کی میزبانی کرنے پر بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ اور بحرینی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ اس ڈائیلاگ کا مقصد اسلامی ممالک میں مذہبی اور ثقافتی اداروں اور مغربی سوسائٹی میں ان کے ہم منصبوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
علاوہ ازیں اس کا بنیادی مقصد مشترکہ اقدار کی بنیاد پر بقائے باہمی کو فروغ دینا ہے۔

مسلم کونسل کا قیام 13 جولائی 2014 کو عمل میں آیا تھا۔ (فوٹو عرب نیوز)

بحرین کی سپریم کونسل برائے اسلامی امور کے چیئرمین اور مسلم کونسل آف ایلڈرز کے رکن شیخ عبدالرحمن بن محمد بن راشد آل خلیفہ نے بحرین کی جانب سے اجلاس کی میزبانی اور مکالمے کے نئے ایڈیشن  پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
سپریم کونسل کے سیکریٹری جنرل سلطان الرمیثی نے کہا  ہےکہ مکالمے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور نئے ایڈیشن میں مغربی اور مشرقی علماء اور دانشوروں کے درمیان مثبت بات چیت ہو گی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ کونسل ایسے نوجوانوں کو ڈائیلاگ میں حصہ لینے کے لیے نامزد کرنے کرنے پر عمل پیرا ہے جو مسلم کونسل آف ایلڈرز کے مستقبل کے رہنما اور سفیر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ کونسل 13 جولائی 2014 کو مسلم معاشروں میں امن کی ثقافت پھیلانے، تشدد اور انتہا پسندی کو مسترد کرنے اور نفرت انگیز تقاریر کا مقابلہ کرنے کے لیے قائم کی گئی تھی۔
 

شیئر: