ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ٹو کا افتتاح
اتوار 25 جنوری 2026 21:19
گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ٹو کا افتتاح کر دیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق افتتاحی تقریب میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون اور ٹو کے ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کا اعلان بھی کیا گیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز اور جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے سربراہ انجینئر صالح الجاسر اور اتھارٹی کے صدر عبدالعزیز بن عبداللہ الدعیلج نے گورنر ریاض کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر اتھارٹی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز نے ٹرمینل کا دورہ بھی کیا، ان کو وہاں فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جن میں ٹریول ایریا، رجسٹریشن، ڈیپارچر اینڈ آرائیول لاؤنجزز اور آپریشنل سسٹم وغیرہ شامل ہیں۔
شہزادہ فیصل بن بندر نے ایئرپورٹ لاؤنج کے ترقیاتی کاموں کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’ریاض شہر مختلف تقریبات، کانفرنسز اور سیمینار کے حوالے سے عالمی سطح پر انتہائی اہم مقام اختیار کر چکا ہے۔‘
انہوں نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت کو فن تعمیر کا شاہکار قرار دیتے ہوئے فراہم کی جانے والی خدمات اور معیار کو سراہا۔

سول ایوی ایشن کے سربراہ اور ایئرپورٹ ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین عبدالعزیز الدعیلج نے بتایا کہ ٹرمینل ٹو کے ترقیاتی منصوبے کی تکمیل سے مسافروں کی سالانہ گنجائش چھ ملین سے بڑھ کر 14 ملین ہو گی اور اس سے سے فضائی ٹریفک میں بہتری آئے گی۔‘
واضح رہے کہ ایئرپورٹ کے دونوں ٹرمینلز میں ارائیول لاؤنج میں رجسٹریشن پلیٹ فارمز کی تعداد 114 ہے جبکہ امیگریشن کے لیے 20 ای گیٹس اور 43 کاؤنٹرز کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جس کا مقصد مسافروں کو تیز ترین سروسز فراہم کرنا ہے۔
