Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شازیہ منظور کو نہیں جانتے؟ ’اوورسیز سے ووٹ کا حق واپس لیا جائے‘

ماضی میں پاکستانی فلموں کے مشہور گانے والی گلوکارہ شازیہ منظور آج کل امریکہ میں ہیں اور دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں اور غیرملکیوں کو اپنی آواز کے جادو سے کنسرٹس کے ذریعے روشناس کرارہی ہیں۔
ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ لال رنگ کی چمچماتی ہوئی لمبرگنی گاڑی سے اتر رہی ہیں اور انڈین پنجابی بینڈ ’دا دوربین‘ اور راگینی ٹنڈن کا مشہور گانا ’لمبرگنی چلائی جاندے او‘ گا رہی ہیں۔
امریکی شہر ہیوسٹن میں بنائی گئی یہ 14 سیکنڈ کی ویڈیو شازیہ منظور نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے بھی پوسٹ کی تھی۔
وہ کہتے ہیں نا کہ برا وقت بتاکر نہیں آتا، ایسا ہی کچھ ہوا ٹوئٹر صارف ’اسد انکل‘ کے ساتھ جنہوں نے شازیہ منظور کی ویڈیو ٹویٹ کی اور لکھا کہ ’ذرا سوچیں کہ آپ (شادی پر) رخصتی کروانے کی کوشش کررہے ہیں اور جیسے ہی باہر نکلتے ہیں تو دیکھتے ہیں کہ کوئی آنٹی آپ کی کار پر یہ کررہی ہیں۔‘
اس ٹویٹ کا صاف مطلب یہ تھا کہ ’اسد انکل‘ شازیہ منظور کو پہچانتے نہیں ہیں۔ پھر کیا تھا پاکستانی ٹوئٹر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
دعا سید نامی ٹوئٹر صارف نے ’اسد انکل‘ کے الفاظ کو ’شرمندگی آمیز‘ ٹویٹ قرار دیا اور ساتھ یہ بھی کہا کہ ’اگر شازیہ منظور میری رخصتی پر آتی ہیں تورخصتی انتظار کرسکتی ہے۔‘

جیسن خان نامی صارف نے لکھا کہ ’شازیہ منظور کو رینڈم آنٹی کہنا سمندر پار پاکستانیوں سے ووٹ کا حق واپس لینے کے لیے کافی ہے۔‘

تیمور زمان نامی صارف تو اتنے غصے میں آگئے کہ انہوں نے اسد انکل نامی صارف کا اکاؤنٹ ہی معطل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’شازیہ منظور صاحبہ کو کوئی آنٹی کہنے پر آپ معطل ہونے کے مستحق ہیں۔‘
’2000 کی دہائی میں شاہ رخ خان اور ریتھک روشن پر فلمایا گیا گانا جس پر آج بھی سارے انڈینز اور زیادہ تر پاکستانی پاگل ہیں وہ شازیہ میڈم کے گانو سے کاپی ہوئے ہیں۔‘

ٹوئٹر پر اتنی ٹرولنگ ہونے کے بعد ’اسد انکل‘ نے دیگر صارفین سے معافی مانگنے میں ہی عافیت جانی۔
اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’میں پاکستانی ٹوئٹر (صارفین) سے شازیہ منصور (منظور) کو نہ جاننے پر معافی مانگتا ہوں۔‘
’اس نقصان کی بھرپائی کے لیے میں اور میری بیوی (جو مجھ سے مایوس ہیں) بار بار ان کا میوزک سنیں گے، میں آپ کے پاس واپس جب آؤں گا جب مجھے ان کے گانے دل سے یاد ہوں گے۔‘

اگر آپ بھی شازیہ منظور کو نہیں جانتے تو گوگل پر صرف ان کا نام سرچ کرلیں۔ انہوں نے اپنے لمبے کیریئر میں بیشمار مشہور گانے گئے جس میں ’چن میرے مکھنا‘، ’بتیاں بجھائی رکھ دی وے‘ اور ’تو بدل گیا سجنا‘ شامل ہیں۔

شیئر: