Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمان اور سعودی عرب کے درمیان 10 ارب ڈالر کے معاہدے

سعودی عرب اور عمان کے درمیان 13 معاہدے طے پائے ہیں۔ فوٹو: ایس پی اے
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ مسقط کے موقع پر سعودی عرب اور عمان کے درمیان متعدد شعبوں میں 13 معاہدے طے پائے ہیں جن کی لاگت 10 ارب ڈالر سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔ 
عرب نیوز نے عمان کے سرکاری ٹی وی چینل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدے مکمل طور پر سلطنت عمان کی انویسٹمنٹ اتھارٹی کے کمپنیوں کے ساتھ طے پائے ہیں۔
عمان میں عالمی توانائی کی کمپنی ’او کیو گروپ‘ نے تین معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
ان میں سے ایک معاہدہ سعودی عرب کی پیٹرو کیمیکل، قابل تجدید توانائی اور گرین ہائیڈروجن کے شعبے سے منسلک کمپنی ’اے سی ڈبلیو اے پاور‘ کے ساتھ طے پایا ہے۔
تیل کے ذخیرے سے متعلق دوسرا معاہدہ سعودی آرامکو کے ساتھ ہوا ہے جبکہ تیسرا معاہدہ عمان کے دقم پیٹرو کیمیکل کمپلکس منصوبے کی ترقی کے لیے سعودی بیسک انڈسٹریز کارپوریشن (سابک) کے ساتھ طے پایا ہے۔
عمان کے  یتی ساحل کی ترقی کے لیے عمران گروپ نے سعودی دارالارکان ریئل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کمپنی کے ساتھ یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
فشریز کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لیے عمان محکمہ فشریز اور سعودی عرب کے نیشنل ایکواکلچر گروپ نقوا کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے۔

عمان کے یتی ساحل کی ترقی کے لیے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

سٹاک ایکسچینچ کے شعبے میں تعاون کے لیے سعودی تداول گروپ اور مسقط سکیوریٹیز مارکیٹ کے درمیان تعاون کے لیے یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
عمان کے لاجسٹک گروپ ’اسیاد‘ نے سعودی ٹرانسپورٹیشن اور لاجسٹک کمپنی ’البحری‘ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ جبکہ کان کنی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے منرلز ڈیویلپمنٹ عمان اور سعودی معادن فاسفیٹ کپمنی کے درمیان بھی معاہدہ طے پایا ہے۔
عمان نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی نیشنل کمپنیز انٹرپرنیورشپ پروگرام کے سربراہ بدر البدر نے کہا ہے کہ ان معاہدوں کی سرمایہ کاری کی کُل لاگت 10 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔

شیئر: