Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں دنیا کے سب سے بڑے پلاسٹک پلانٹ کی تعمیر کا معاہدہ

 نیا پلانٹ 6.4 ملین ٹن تک پولی اولفن پلاسٹک کی پیداوار بڑھائے گا (فائل فوٹو: عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات میں قائم بروج پولی اولیفن پلاسٹک پلانٹ کی جانب سے پلانٹ میں توسیع کے لیے ساڑھے تین ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اس معاہدے کے بعد امارات میں قائم یہ پولی الیفن پلاسٹک تیار کرنے کا دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پلانٹ بن جائے گا۔
بروج  کمپنی نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اٹلی کی تیل و گیس کی مائر ٹیکنومونٹ کمپنی کو اس توسیعی منصوبے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ پلانٹ کے نئے کمپلیکس کی تعمیر اور توسیع  رویس کے علاقے میں کی جائے گا۔

بروج  پولیتھیلین کے ساتھ ساتھ پولی اولفن پلاسٹک بھی تیار کرتا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

ابوظبی نیشنل آئل کمپنی اور آسٹرین کیمیکلز گروپ بوریلس کے درمیان ایک مشترکہ منصوبہ کے تحت نیا پلانٹ 2025 میں مکمل ہونے پر 6.4 ملین ٹن تک پولی اولفن پلاسٹک کی پیداوار بڑھا دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس طرح کے بہترین پلاسٹک کا استعمال صنعتی درجے کے پائپ، مختلف قسم کی کیبلز اور حفاظتی سامان جیسی پلاسٹک منصوعات تیار کرنے کے کام آتا ہے۔
اٹلی کی مائر ٹیکنیمونٹ کمپنی نے ابوظبی پولیمر کمپنی کے ساتھ انجینیئرنگ، پروکیورمنٹ اور تعمیراتی معاہدوں کی ایک سیریز پر بھی دستخط کیے ہیں۔
ان معاہدوں میں ہر سال سات لاکھ ٹن پیداوار کی صلاحیت کے ساتھ دو پولی تھیلین یونٹس کی تعمیر شامل ہے۔
اطالوی کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے میں انجینیئرنگ اور تعمیراتی کام کے ساتھ آلات اور مواد کی فراہمی بھی شامل ہوگی۔

نئے کمپلیکس کی تعمیر رویس کے علاقے میں کی جائے گی (فائل فوٹو: عرب نیوز)

اٹلی کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر پائروبرٹو فولجیرو نے بتایا ہے کہ ٹیکنالوجی  کے حوالے سے ہماری عملی مہارت بہترین کارکردگی کے معیار کو یقینی بنائے گی۔
گذشتہ ماہ ابو ظبی نیشنل آئل کمپنی اور بوریلس کمپنی نے بروج پولی اولفن پلاسٹک کمپلیکس کی توسیع کے لیے 6.2 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
ابتدائی طور پر بروج پلاسٹک پلانٹ نے 2001 میں کام کا آغاز کیا تھا اس کے بعد 2010 اور 2014 میں اس کمپلیکس میں توسیع کی گئی۔
بروج پولی اولفن پلاسٹک کمپلیکس پولی پروپیلین، پولیتھیلین کے ساتھ ساتھ پولی اولفن پلاسٹک بھی تیار کرتا ہے۔

شیئر: