Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ترقیاتی منصوبے کے لیے وزیراعظم آج پشاور کا دورہ نہ کریں‘

خیبر پختونخوا میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ریجنل الیکشن کمشنر پشاور نے 19 دسمبر کو خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان کو ہدایت کی ہے کہ وہ پشاور کے دورے کے دوران کسی لوکل کونسل کا دورہ یا ترقیاتی سکیم کا اعلان نہ کریں۔
وزیراعظم نے آج بدھ کو پشاور کا دورہ کرنا ہے جس میں پاکستان کارڈ کے منصوبے کا افتتاح بھی شامل ہے۔
بدھ کو ریجنل الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ’آج کے روزنامہ ڈان کی ایک خبر سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ آج پاکستان کارڈ کے منصوبے کے اعلان کے لیے پشاور کا دورہ کرنے والے ہیں۔‘
خط میں وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا گیا ہے کہ ’اس ضمن میں آپ کی توجہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں شامل ہدایات کی جانب مبذول کرائی جاتی ہے جو چار نومبر 2021 میں جاری کیا گیا تھا۔‘
خط کے مطابق ’نوٹیفکیشن میں الیکشن کا شیڈول جاری ہونے کے بعد کسی لوکل کونسل کا دورہ یا ترقیاتی سکیم کا اعلان نہ کرنے کی ہدایت شامل ہے۔‘
ریجنل الیکشن کمیشن کی جانب سے خط میں متعلقہ شق کی ہدایات بھی درج کی گئی ہیں۔
متن میں انتباہ بھی کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

شیئر: