Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میکسیکو میں ٹرک الٹنے سے 53 تارکین وطن ہلاک

ٹریفک حادثے کے زیادہ تر متاثرین کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ تارکین وطن ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپس میں ایک ٹریفک حادثے میں کم از کم 53 تارکین وطن ہلاک ہوگئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سول پروٹیکشن سروس کے حکام نے کہا ہے کہ چیاپس میں جمعرات کو ٹرک الٹنے کے حادثے میں 58 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں تین شدید زخمی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’اب تک 53 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔‘
زیادہ تر متاثرین کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ تارکین وطن ہیں۔ چیاپس امریکہ پہنچنے کی کوشش کرنے والوں کے لیے ایک اہم ٹرانزٹ پوائنٹ ہے۔
حکام کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر بچ جانے والے افراد کا تعلق گوتیمالا سے ہے۔
حکام نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ تیز رفتاری کی وجہ سے ڈرائیور ٹرک کا کنٹرول کھو بیٹھا۔ بعد میں ڈرائیور موقعے سے فرار ہو گیا۔
مقامی ٹیلی ویژن کی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں ایمبولینسز، فائر فائٹرز اور امدادی کارکن حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کے اردگرد جمع تھے۔
چیاپس کے گورنر رتیلیو ایسکاندون نے کہا ہے کہ ’زخمیوں کو فوری توجہ اور طبی ملنی چاہیے۔ قانون نافذ کرنے والے یہ تعین کریں گے کہ کون ذمہ دار ہے۔‘
گوتیمالا کے صدر نے اپنے شہریوں کو قونصلر مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جبکہ کہا ہے کہ ملک واپسی میں بھی ان کی مدد کی جائے گی۔

شیئر: