Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقِ وسطیٰ کی جنگ، لفتھانزا کا ایشیا اور افریقہ کے لیے مزید پروازوں کا اعلان

لفتھانزا سمیت یورپی ایئر لائنز کو 2025 میں ایندھن کے بلوں میں معمولی کمی سے فائدہ ہوا (فائل فوٹو: لفتھانزا)
لفتھانزا نے کہا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ کے 10 منسوخ شدہ مقامات کی پروازوں کی صلاحیت  کو سنگاپور اور بینکاک جیسے روٹس پر منتقل کر رہا ہے کیونکہ اسے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بجٹ کیریئر ’ویز ایئر‘ سمیت یورپ بھر کی ایئر لائنز مشرقِ وسطیٰ میں اپنی سروسز معطل کرنے کے بعد طیاروں کا رخ دوسرے راستوں پر موڑ رہی ہیں۔
لفتھانزا نے جمعے کو کہا ہے کہ اس اقدام سے طویل فاصلے کے ان روٹس پر طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی جنہیں مشرقِ وسطیٰ کی ایئر لائنز فی الحال سہولت فراہم نہیں کر پا رہیں۔
رواں ہفتے ایئر لائنز کے حصص میں مندی دیکھی گئی کیونکہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں اور مشرقِ وسطیٰ میں ایران کے جوابی حملوں نے طویل فاصلے کی پروازوں کو متاثر کیا ہے اور تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیا ہے۔
لفتھانزا کے سی ای او کارسٹن سپوہر نے ایک بیان میں کہا ’مشرقِ وسطیٰ کی جنگ ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ فضائی ٹریفک  کا معاملہ کتنا حساس ہے اور یہ کتنا نازک رہتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مستقبل کے حالات غیر یقینی ہیں خاص طور پر جیٹ فیول (ہوائی جہاز کے ایندھن) کی قیمتوں کے حوالے سے۔‘
شیڈول میں یہ تبدیلیاں ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب جرمن گروپ نے سنہ 2025 کے توقع سے بہتر نتائج کی رپورٹ دی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ سخت مالیاتی انتظام اور بیڑے کی تجدید نے اخراجات کو قابو میں رکھنے اور منافع بڑھانے میں مدد دی ہے۔ اس کے حصص کی قیمت میں 4 فیصد تک اضافہ ہوا تاہم بعد میں یہ 1.2 فیصد کی کمی کے ساتھ ٹریڈ کرنے لگے۔
لفتھانزا نے بتایا کہ سنیچر کو تنازع شروع ہونے کے بعد سے ایشیا اور افریقہ کے روٹس پر طلب میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور وہ طویل فاصلے کی سروسز کو وسعت دینے پر توجہ برقرار رکھے گی۔

لفتھانزا نے یہ نہیں بتایا کہ تنازع کی وجہ سے اس نے کل کتنی سروسز منسوخ کیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

کارسٹن سپوہر نے کہا کہ ایشیا کے لیے نئی پروازیں چند ہی دنوں میں شروع کر دی جائیں گی۔
لفتھانزا نے یہ نہیں بتایا کہ تنازع کی وجہ سے اس نے کل کتنی سروسز منسوخ کیں۔
اگرچہ ایئر لائنز کو ری شیڈولنگ اور روٹس کی تبدیلی کے اخراجات کا سامنا ہے لیکن مشرقِ وسطیٰ سے باہر کی کمپنیوں کے لیے سب سے بڑا اثر ممکنہ طور پر ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہے۔ برینٹ کروڈ فیوچرز میں اس ہفتے 20 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
کارسٹن سپوہر نے کہا کہ لفتھانزا نے قلیل مدت کے لیے ایندھن کے نرخوں کا پیشگی تحفظ کر رکھا ہے۔
سالانہ رپورٹ کے مطابق گروپ 24 ماہ قبل تک ایندھن کی قیمتیں فکس کر لیتا ہے اور 31 دسمبر تک اس کا 85 فیصد ایندھن ’ہیجڈ‘ تھا۔
لفتھانزا سمیت یورپی ایئر لائنز کو 2025 میں ایندھن کے بلوں میں معمولی کمی سے فائدہ ہوا۔

کارسٹن سپوہر نے کہا کہ لفتھانزا نے قلیل مدت کے لیے ایندھن کے نرخوں کا پیشگی تحفظ کر رکھا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

لفتھانزا کے ایندھن کے بل میں سات فیصد کمی آئی جس سے مسافروں کی مستحکم طلب کے دوران آمدنی کو سہارا ملا۔
کارسٹن سپوہر نے کہا ’گزشتہ سال ہم گروپ کے آپریٹنگ منافع میں نمایاں اضافہ کرنے میں کامیاب رہے اور اپنی تاریخ کی سب سے زیادہ آمدنی حاصل کی۔ ہمارے نتائج گروپ کے استحکام اور مضبوطی کا ثبوت ہیں۔‘
لفتھانزا نے 2 ارب یورو کا ایڈجسٹڈ آپریٹنگ منافع رپورٹ کیا جبکہ 2024 میں یہ 1.6 ارب یورو تھا۔ کمپنی کا آپریٹنگ مارجن بھی پچھلے سال کے 4.4 فیصد سے بڑھ کر 4.9 فیصد ہو گیا ہے۔
ایئر لائن کا کہنا ہے کہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے 2026 کا منظرنامہ واضح نہیں ہے تاہم اس نے گنجائش میں 4 فیصد اضافے کے ساتھ آمدنی اور منافع کے مارجن میں مزید بہتری کی توقع ظاہر کی ہے۔

شیئر: