Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ کرانے اور ویکسین لگوانے سے انکار، امریکی بحریہ کا کمانڈر فارغ

لوسیئن کنز نے عقیدے کی بنا پر ویکیسن سے اسثنیٰ کی درخواست بھی دی تھی (فوٹو: روئٹرز)
امریکہ میں نیوی کے آفیسر کو کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے جمعے کو نیوی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا ویکسین لینا ضروری ہے جبکہ ایگریکٹیو آفیسر کی جانب سے ٹیسٹ کروانے سے بھی انکار کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کمانڈر لوسیئن کنز یو ایس ایس ونسٹسن چرچل اے ڈسٹرائر پر سیکنڈ کمانڈ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
نیول حکام کا کہنا ہے کہ وہ پہلے اہلکار ہیں جن کو ویکسین لگوانے سے انکار پر فارغ کیا گیا ہے۔
نیوی کے ترجمان لیفٹیننٹ کمانڈر جیسن فشر نے اس حوالے سے کوئی واضح وجہ بتانے سے گریز کرتے ہوئے اسے برطرف افسر کے کچھ ذاتی تحفظات قرار دیا۔
جیسن فشر کا کہنا تھا کہ ان کو فارغ کیے جانے کی وجہ یہ تھی کہ ایک قانون کی تعمیل نہ کرنے پر کنز کی کارکردگی اور صلاحیت پر اعتماد مشکوک ہو گیا تھا۔
اسی طرح دوسرے حکام کا کہنا ہے کہ اس کی اصل وجہ یہ تھی کہ انہوں نے ویکسین لگوانے سے انکار کیا تھا جبکہ یہ یقینی بنانے کے لیے کہ وائرس کا شکار ہیں یا نہیں، جب ٹیسٹ کروانے کا کہا گیا تو اس پر بھی انکار کیا۔
ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کنز کی جانب سے عقیدے کی بنا پر استثنیٰ کی درخواست دی گئی تھی جس کو مسترد کیا گیا جس کے خلاف کنز اپیل کریں گے۔
پینٹاگون نے تمام سروس ممبران کے لیے ویکسین کو لازمی قرار دیا ہے اور بحریہ کے اہلکار کے پاس نومبر کے آخر تک اپنے شاٹس لینے یا استثنیٰ کی درخواست دینے کا وقت تھا۔
ہزاروں کی تعداد میں اہلکاروں کی جانب سے عقیدے کی بنیاد پر استثنیٰ کے لیے کہا گیا ہے تاہم ان میں سے کسی ایک کو بھی منظور نہیں کیا گیا۔

شیئر: