Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کارکنوں کو حقوق کی ادائیگی کے لیے تعمیرانی کمپنی کو دس دن کی مہلت

کارکنوں نے وزارت افرادی قوت کے ذیلی ادارے میں شکایت درج کرائی تھی۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کے دارا لحکومت ریاض میں وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے ریجنل تحقیقاتی ادارے نے 62 کارکنوں کو حقوق دلوانے کے لیے تعمیراتی کمپنی کو 10 دن کی مہلت دی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ریاض ریجن میں تعمیراتی شعبے میں کام کرنے والی ایک نجی کمپنی کے کارکنوں نے وزارت افرادی قوت کے ذیلی ادارے میں شکایت درج کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ’کمپنی کی جانب سے ان کے حقوق ادا نہیں کیے جا رہے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔‘
وزارت کی جانب سے کمپنی کے ذمہ دارکو طلب کیا گیا اور کارکنوں کے حقوق کی ادائیگی کے لیے دس دن کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ’وہ ایسے کارکن جو مستقل طور پر فائنل ایگزٹ پر جانا چاہتے ہیں انہیں حقوق کی ادائیگی کے بعد روانہ کیا جائے جبکہ وہ کارکن جو دوسری جگہ کام کرنا چاہتے ہیں انہیں بھی حقوق و واجبات کی ادائیگی کے بعد سروس سے ریلیز دیاجائے تاکہ وہ دوسری کمپنی میں کفالت تبدیل کراسکیں‘۔ 
اخبار کا مزید کہنا تھا کہ ’کمپنی کے ذمے 62 کارکنوں کے حقوق و واجبات کی مد میں 6 لاکھ 54 ہزار ریال کی ادائیگی ہے جس کے بعد وہ اس امر کی پابند ہے کہ کارکنوں کا فائنل ایگزٹ لگائے یا انہیں ریلیز لیٹر جاری کرے۔‘
واضح رہے وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے مملکت میں لیبر لا پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے لیبر کورٹس قائم ہیں جہاں آجر و اجیر کے معاملات طے کیے جاتے ہیں۔ 

شیئر: