Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرینہ کپور کو کورونا، ’امید ہے جلد ٹھیک ہو جاؤں گی‘

حال ہی میں کرینہ اور امرتا نے چند پارٹیوں اور عوامی تقریبات میں شرکت کی۔ (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ کرینہ کپور کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق پیر کو اداکارہ کرینہ کپور نے انکشاف کیا کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپ ڈیٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو قرنطینہ کر چکی ہیں۔
ان کی دوست امریتا اروڑا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ دونوں نے حال ہی میں ایک ساتھ پارٹی میں شرکت کی تھی۔
کرینہ کے والد رندھیر کپور نے تصدیق کی کہ ان کی بیٹی کی حالت اب بہتر ہے۔ اور انہوں نے کرینہ کے صحت یاب ہونے تک ان کے بچوں تیمور اور جہانگیر کی دیکھ بھال کرنے کی پیشکش کی تھی۔
اتوار کو کرینہ کو جسم میں درد اور ہلکا بخار ہوا جس کے بعد انہوں نے اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا۔
ای ٹائمز سے بات کرتے ہوئے رندھیر کپور نے کرینہ کے حوالے سے بتایا کہ ’وہ اس وقت گھر میں قرنطینہ میں ہے، اس لیے میں نے اسے کہا کہ وہ بچوں کو میرے گھر بھیج دے، لیکن اس نے کہا کہ تیمور اور جیہ اس کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ وہ فٹ اور ٹھیک ہے اس لیے یہ ٹھیک ہو جائے گا۔‘
اب تک کرینہ اور امریتا کے 30 ہائی رسک رابطوں کا سراغ لگایا جا چکا ہے اور ان کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج منگل کو متوقع ہیں۔

اب تک کرینہ اور امریتا کے 30 ہائی رسک رابطوں کا سراغ لگایا جا چکا ہے۔ (سکرین شاٹ: انسٹاگرام، کرینہ کپور)

بی ایم سی حکام نے بتایا کہ پروٹوکول کے مطابق ان کے مکانات سیل کر دیے گئے ہیں۔
اپنی صحت کے حوالے سے کرینہ کپور نے تازہ معلومات فراہم کرتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا ’میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ تمام طبی پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے میں نے فوری طور پر خود کو قرنطینہ کر لیا۔ میں ہر کسی سے درخواست کرتی ہوں کہ جو بھی میرے ساتھ رابطے میں آیا ہے براہ کرم ٹیسٹ کروائیں۔‘
’میرے اہل خانہ اور عملے کو ویکسین کی ڈبل خوراکیں لگائی گئی ہیں۔ ان میں فی الحال کوئی علامت نہیں دکھائی دے رہی ہے۔ شکر ہے، میں ٹھیک محسوس کر رہی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ جلد ہی ٹھیک ہو جاؤں گی۔‘
حال ہی میں کرینہ اور امرتا نے چند پارٹیوں اور عوامی تقریبات میں شرکت کی۔ بی ایم سی کے اہلکار اس بات کی بھی تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا دونوں اداکارائیں خطرے میں موجود ممالک کے کسی بین الاقوامی مسافر کے ساتھ رابطے میں آئی ہیں۔

شیئر: