Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرینہ کپور اور سیف علی خان کے دوسرے بیٹے کا نام ’جیہہ فار جہانگیر؟‘

رندھیر کپور نے اپنے نواسے کے نام کی تصدیق کی تو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ٹرولنگ شروع ہو گئی (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈیا میں سوشل میڈیا صارفین کو جب کرینہ کپور اور سیف علی خان کے ہاں دوسری بار ’گڈ نیوز‘ کا معلوم ہوا تھا اسی وقت سے ہی یہ بحث شروع ہو گئی تھی کہ پٹودی خاندان اپنے دوسرے بچے کا نام کیا رکھے گا۔
کسی نے بابر، اورنگزیب تو کسی نے ٹیپو سلطان اور اسامہ کا نام طنزا تجویز کیا تھا۔ پہلے بچے تیمور علی خان کے نام پر تنازع کھڑے ہونے کے بعد انڈین میڈیا پر کرینہ کپور اور سیف علی خان کے حوالے سے کہا جا رہا تھا کہ اس بار وہ کافی محتاط ہیں اور اپنے ایک انٹرویو میں کرینہ کپور نے بتایا تھا کہ انہوں نے ابھی کوئی نام نہیں سوچا بلکہ وہ اور سیف بچے کی پیدائش کے بعد ہی نام رکھیں گے۔
اب جب کرینہ کپور اور سیف علی خان کے ہاں فروری میں دوسرے بچے کی پیدائش ہو چکی ہے اور پانچ ماہ بعد کرینہ کپور کے والد رندھیر کپور نے انڈیا کی نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو تصدیق کی ہے کہ ان کے نواسے کا نام ’جیہہ' ہے تو ایک بار پھر انڈیا میں سوشل میڈیا پر ٹرولنگ شروع ہو گئی ہے۔
 کچھ صارفین کا خیال ہے کہ جیہہ یا تو مغل حکمران جہانگیر یا پھر جہاد کا مخفف ہے۔

ایس ایس کے آفیشلز کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا ’جیہہ فار جہانگیر۔‘

اجینکیا نامی صارف نے لکھا کہ ’کیا جیہہ سے مراد جہاد ہے؟ صرف پوچھ رہا ہوں۔‘

موہت رانا نامی صارف نے لکھا کہ ’سیف اور کرینہ نے اپنے دوسرے بچے کا نام جیہہ رکھا ہے، میرے خیال میں یہ جہاد کا مخفف ہے۔‘

پی کے کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’مجھے 101 فیصد یقین ہے کہ سیف اور کرینہ اپنے دوسرے بچے کا نام جہانگیر رکھنا چاہتے تھے لیکن وہ تنقید کا سامنا نہیں کرنا چاہتے تھے جیسی نقید کا انہیں تیمور کے لیے سامنا کرنا پڑا اس لیے اس نام کو چھوٹا کر دیا۔‘
کچھ صارفین ایسے بھی تھے جو اس نام پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اس کا مطلب پوچھتے دکھائی دیے۔

انوشری پنگلی نامی صارف نے لکھا کہ ’لوگ آج جیہہ کا مطلب جاننے کے لیے گوگل کر رہے ہیں، کیا واقعی یہ کوئی نام بھی ہے؟‘

شیئر: