Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی کا اجلاس، موبائل سروس بند نہیں ہوگی، پیر کو مقامی چھٹی

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میڈیا کی درخواست پر اسلام آباد میں موبائل فون سروس تین دن بند نہیں ہوگی۔
جمعے کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقعے پر ’تمام فورسز نے مل کر یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم ٹیلی فون بند نہیں کریں گے۔‘
’کانفرنس کے لیے آنے والے میڈیا کے نمائندوں نے ہم سے یہ درخواست کی تھی کہ فون بند ہونے کی وجہ سے انہیں اپنے اپنے ملک سے رابطوں میں مشکل ہوگی تو اس وجہ سے آج ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تین دن موبائل فون بند نہیں ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے باعث وزارت داخلہ اور اسلام آباد انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سنیچر اور پیر کو اسلام آباد میں مقامی چھٹی ہوگی تاہم سیکریٹریٹ کی چھٹی کا فیصلہ کیبنٹ ڈویژن کرے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام سکیورٹی ادارے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں اور مہمانوں کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
اجلاس میں او آئی سی کے 57 ممالک کے وفود اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے اور افغانستان کے معاملے پر او آئی سی کی کانفرنس تاریخی کردار ادا کرے گی۔
’پہلے بھی ہم نے 40 سال قبل افغانستان پر کانفرنس کی تھی۔ آج 40 سال بعد یہ اقدام عمران خان کی حکومت نے اٹھایا اور یہ پارلیمان میں ہو رہی ہے۔‘
اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا 17 ہواں اجلاس 19 دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
سعودی عرب نے اسلامی سربراہ کانفرنس کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے افغانستان کی انسانی صورت حال پر بحث کے لیے 17 دسمبر 2021 کو پاکستان میں خصوصی اجلاس بلایا ہے۔
پاکستان نے اسلام آباد میں اجلاس کی میزبانی کی پیش کش کی تھی۔

شیئر: