Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اشد ضرورت کے بغیر بیرون ملک سفر نہ کیا جائے، سعودی وزارت صحت

بیشتر ممالک میں کورونا کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
پبلک ہیلتھ اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ اشد ضرورت کے علاوہ بیرون مملکت  سفرسے اجتناب کریں خاص کر ان ممالک میں جانے سے گریز کیا جائے جہاں حالات غیرمعمولی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے وزارت صحت کے ادارہ امور صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ان دنوں دنیا کے بیشتر ممالک میں کورونا کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، خاص کرکورونا کی نئی تبدیل ہونے والی شکل ’اومی کرون‘ بیشتر ممالک میں تیزی سے پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے متعدد ممالک میں دوبارہ سماجی پروگراموں کو محدود کرتے ہوئے متعدد پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے سعودی اورغیر ملکی خواہ وہ ویکسین یافتہ ہی کیوں نہ ہوں انہیں چاہیے کہ وہ احتیاط کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر سے آنے کے بعد پانچ دن سماجی دوری کے اصول پرعمل کریں۔ اگر انہیں سانس لینے میں تکلیف یا زیادہ درجہ حرارت کی شکایت ہوتو فوری طور پر کورنا ٹیسٹ کرائیں۔
دریں اثنا ادارہ امور صحت کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایس او پیز کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے عوامی مقامات پرماسک کا استعمال کریں اور ہاتھوں کو سینیٹائز کریں، مصافحہ سے اجتناب برتیں اور وہ افراد جنہیں ویکسین کی دوسری خوراک لگوائے ہوئے 6 ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہو چکا ہے وہ فوری طورپربوسٹر ڈوز لگوائیں۔

شیئر: