Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلش کرکٹ کلب یارکشائر کا لاہور قلندر سے معاہدہ

قلندرز نے پی ایس ایل سیون کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کیا ہے (فوٹو: لاہور قلندرز)
انگلینڈ اینڈ ویلز کے ڈومیسٹک کرکٹ نظام کا حصہ یارکشائر کاؤنٹی کلب نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
برطانوی اور پاکستانی ٹیموں کے درمیان معاہدے کے بعد دونوں طرف کے کھلاڑی مختلف کنڈیشنز میں ایک دوسرے کے ہاں تربیت حاصل کر سکیں گے۔
لاہور قلندرز کے کھلاڑی حارث رؤف بھی آئندہ ڈومیسٹک سیزن یارکشائر کی جانب سے کھیلیں گے۔
اس سے قبل پاکستانی کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے بھی مختلف برطانوی کاؤنٹی کلبز کے ساتھ معاہدے ہو چکے ہیں۔
یارکشائر کاؤنٹی کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کچھ عرصہ قبل پاکستانی نژاد کرکٹر عظیم رفیق کی جانب سے کلب پر نسل پرستی کے حوالے سے مناسب کردار ادا نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
یارکشائر کاؤنٹی کلب کی جانب سے منگل کو کیے گئے اعلان میں معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت حارث رؤف 2022 کا سیزن اوورسیز پلیئر کے طور پر کھیلیں گے۔

معاہدے کے تحت نوجوان کھلاڑی لاہور میں کھیل اور تربیت حاصل کر سکیں گے، اس مقصد کے لیے انہیں لاہور قلندرز کے قائم کردہ فرسٹ کلاسٹ مرکز تک رسائی بھی دی جائے گی جب کہ جواب میں پاکستانی کھلاڑی بھی یارکشائر جائیں گے۔
یارکشائر کے مطابق اس پیشرفت کے نتیجے میں لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ جب کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مختلف حالات میں کھیلنے اور تربیت پانے کا موقع بھی میسر ہو گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان معاہدے کے تحت یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ 16 جنوری 2022 کو یارکشائر اور لاہور قلندرز کے لیے درمیان قذافی سٹیڈیم میں دوستانہ میچ کھیلا جائے گا۔
یارکشائر اور لاہور قلندر کے درمیان معاہدے کی اطلاع پر جہاں کرکٹ شائقین نے سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے کرکٹ کے لیے بہتر پیشرفت قرار دیا۔

شائقین کی جانب سے اپنے تبصروں میں کچھ عرصہ قبل نسلی تنازعے کا سامنا کرنے والے برطانوی کاؤنٹی کلب سے جڑے معاملے کا ذکر کرتے ہوئے توقع کی گئی کہ اس طرح کے واقعات آئندہ نہیں ہوں گے۔

شیئر: