عراقی فنکار کا شاہکار، دھاگوں سے دنیا کا سب سے بڑا فن پارہ بنا لیا
عراقی فنکار کا شاہکار، دھاگوں سے دنیا کا سب سے بڑا فن پارہ بنا لیا
بدھ 22 دسمبر 2021 5:30
فن پارے میں 500 کیلیں اور 6637 میٹر طویل دھاگے استعمال کیے گئے (فوٹو، امارات الیوم)
عراقی آرٹسٹ سعید ہویدی نے دھاگوں اور کیلوں سے دنیا کا سب سے بڑا فن پارہ تیار کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ ہویدی نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنے فن پارے کا اندراج کرا لیا۔
الامارات الیوم کے مطابق فن پارے میں 500 کیلیں اور 6637 میٹر طویل دھاگے استعمال کیے گئے ہیں۔
یہ کہا جاسکتا ہے کہ فن پارے میں استعمال کیے جانے والے دھاگوں کی لمبائی افریقہ کے مشہور کیلیمگارو پہاڑ کی اونچائی سے زیادہ ہوگی۔
فن پارے میں استعمال ہونے والے دھاگوں کی مجموعی لمبائی دبئی کے مشہور خلیفہ ٹاور کی لمبائی سے 8 گنا زیادہ ہے۔ فن پارے میں لجینہ صلاح نامی مصری خاتون کے دلکش چہرے کے نقوش اجاگر کیے گئے ہیں۔
فن پارے میں سفید اور سیاہ رنگ استعمال کیے گئے ہیں۔ عراقی آرٹسٹ نے ’برص‘ نامی بیماری کو نئے انداز سے پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں ’برص‘ کے مریضوں کے لیے انسانیت نواز پیغام بھیجنے کی فنکارانہ کوشش کی۔