Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اومی کرون، دہلی میں کرسمس اور نیو ایئر تقریبات پر پابندی

انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں بدھ کو کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون ویریئنٹ کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے باعث کرسمس اور نئے سال کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نئی دہلی میں ریاست مہاراشٹر کے ساتھ ملک کے سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں 15 ریاستوں میں 13 نئے کیسز کے ساتھ انڈیا میں اومی کرون کے کیسز کی کل تعداد 213 ہوگئی ہے۔
ریاست مہاراشٹر جہاں اومی کرون کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، وہاں بھی لوگوں کو اجتماعات سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔
تاہم انڈیا میں ابھی تک اومی کرون سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔
دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق ’دارالحکومت دہلی میں کرسمس یا نئے سال کے حوالے سے کوئی ثقافتی تقریب/اجتماعات نہیں ہو سکتے۔‘
’پچھلے کچھ دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ اومی کرون ویریئنٹ سمیت کورونا کیسز کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنا وقت کی ضرورت ہے۔‘
قبل ازیں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے یورپ، امریکہ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا میں تیزی سے پھیلاؤ کے بعد حکومتوں نے جہاں ایک مرتبہ پھر سخت اقدامات لینا شروع کیے ہیں وہیں عوام پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے پر بھی زور دے رہے ہیں۔
روئٹرز کے مطابق متعدد ممالک ویکسین کی دوسری خوراک اور بوسٹر شاٹ کے درمیان وقت کم کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔

انڈیا میں ابھی تک اومی کرون سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)

کورونا وائرس کے اومی کرون ویریئنٹ کے یورپ، امریکہ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا میں تیزی سے پھیلاؤ کے بعد مختلف ممالک نے وائرس کی ایک اور خطرناک لہر سے نمٹنے کے لیے کمر کس لی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے یورپی سربراہ ہانس کلوُگ کا کہنا ہے کہ ’ہمیں ایک اور طوفان اٹھتا نظر آرہا ہے۔‘
انہوں نے یورپی ممالک کو کورونا وائرس کے کیسز میں ’خاطر خواہ اضافے‘ کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی اقسام میں سے جلد ہی اومی کرون سب سے نمایاں ویریئنٹ ہوگا جو  مختلف ممالک کا نظامِ صحت مزید دباؤ کا شکار ہو جائے گا۔
جرمنی، سکاٹ لینڈ، آیئرلینڈ، نیدرلینڈز اور جنوبی کوریا کا شمار ان ممالک میں ہے جنہوں نے جزوی یا مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے یا پھر سماجی فاصلہ رکھنے کی احتیاطی تدابیر کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
علاوہ ازیں جاپان کے ایک فوجی اڈے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 180 ہوگئی ہے۔ تمام مریضوں کا تعلق ایک ہی کلسٹر سے ہے، یعنی ان سب کو وائرس لگنے کا ذریعہ ایک ہی ہے۔ 

سعودی عرب میں کورونا کیسز کی تعداد دگنی

سعودی عرب میں گذشتہ دو روز کے دوران کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔ اتوار کو یہ تعداد 104 تھی جو منگل کو 222 تک جا پہنچی۔
مملکت کی وزارت صحت نے تمام رہائشیوں کو ویکسین اور بوسٹر خوراکیں لگوانے پر زور دیا ہے۔

امارات میں ہوٹل مکمل طور پر بکڈ

متحدہ عرب امارت میں 99 فیصد آبادی ویکسین شدہ ہے اور کئی افراد کو بوسٹر خوراکوں کی آفر دی جا چکی ہے۔ تاہم ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 452 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس نوعیت کا اضافہ ستمبر کے وسط سے اب تک نہیں دیکھا گیا تھا۔

امارات میں کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود زیادہ تر ہوٹل مکمل بکڈ ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ایک ہفتہ قبل امارات میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ریکارڈ کمی دیکھی گئی تھی، ایک دن میں 50 کیسز رپورٹ کیے جا رہے تھے۔ کیسز کی کمی سے یہ تاثر پایا گیا کہ وبا کا مشکل دور ختم ہوگیا ہے اور زندگی معمول پر لائی جا سکتی ہے۔
ملک بھر میں ماسک پہننے کی شرط برقرار تو ہے تاہم دبئی کے بازار اور ریستوران لوگوں سے بھرے ہوتے ہیں اور زیادہ تر بڑے ہوٹل دسمبر کی چھٹیوں کے لیے مکمل طور پر بک ہو گئے ہیں۔
امارات سے انڈین ریاست کیرلا پہنچنے والے ایک جوڑے میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ جبکہ ابوظبی میں ٹورنامنٹ کھیلنے کے بعد سپین پہنچنے پر ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال میں بھی کورونا وائرس پایا گیا۔
دبئی کے نجی ہسپتالوں میں کورونا وائرس کا اعلاج کرنے والے دو ڈاکٹروں نے اومی کرون کے پھیلاؤ کے باعث کیسز کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سکاٹ لینڈ میں حکومتی سربراہ نکلولا سٹرجن نے نئے سال کی تقریب منسوخ کردی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

تاہم ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر نئے مریضوں میں وائرس کی ہلکی علامات پائی گئی ہیں اور ان کا اعلاج گھر پر کیا جا رہا تھا۔

عالمی سطح پر احتیاطی تدابیر

جرمنی، سکاٹ لینڈ، آیئرلینڈ، نیدرلینڈز اور جنوبی کوریا کا شمار ان ممالک میں ہے جنہوں نے جزوی یا مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے یا پھر سماجی فاصلہ رکھنے کی احتیاطی تدابیر کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
سکاٹ لینڈ میں حکومتی سربراہ نکلولا سٹرجن نے نئے سال کے موقع پر ایڈن برا میں منعقد ہونے والی تقریب منسوخ کردی ہے اور لوگوں کو فٹبال کے میچوں پر جانے سے روک دیا گیا ہے۔
امریکہ میں بائیڈن انتظامیہ نے نیویارک میں کورونا وائرس کے ٹیسٹنگ سینٹر کھول دیے ہیں اور 50 کروڑ ریپڈ ٹیسٹ کٹس خریدی ہیں جو آن لائن مفت منگوا سکتے ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں سے 73 فیصد اومی کرون کے ہیں۔

شیئر: