Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا، امریکی آبادی کی متوقع عمر میں تاریخی کمی

2019 میں امریکیوں کی متوقع عمر 78.8 برس تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
 2020 میں امریکہ میں متوقع عمر 1.8 سال کم ہوئی ہے اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یہ 75 برسوں میں ہونے والی سب سے زیادہ کمی ہے جس کی بڑی وجہ کورونا وائرس کی وبا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ گذشتہ سال امریکہ کی کل آبادی کی متوقع عمر 77 برس رہی۔ اس سے قبل 2019 میں امریکیوں کی متوقع عمر 78.8 برس تھی۔
گذشتہ برس مردوں کی متوقع عمر 74.2 تھی، جبکہ خواتین کی 79.9 تھی۔
مجموعی طور پر کورونا وائرس امریکہ میں ہلاکتوں کی تیسری بڑی وجہ تھی، کیونکہ اس وبا کے دوران تین لاکھ 50 ہزار اموات ہوئی ہیں۔ یہ اعداد و شمار سی ڈی سی کی رپورٹ میں دیے گئے ہیں جس نے جولائی کے ابتدائی نتائج کو حتمی شکل دی ہے۔
ہلاکتوں کی دیگر وجوہات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس کا ممکنہ تعلق اس بات سے ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران امریکیوں کو صحت کی سہولیات تک رسائی حاصل کرنے میں دشواری رہی۔
ملک میں پہلی بار ذیابیطس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ سے زائد تک پہنچی، جبکہ حادثات سے ہونے والی اموات دو لاکھ سے زیادہ رہیں۔
یہ اعداد و شمار ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب امریکہ کے ادارہ شماریات نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے آبادی میں اضافے میں تاریخی کمی آئی ہے۔

 12 ماہ میں امریکہ کی آبادی صرف تین لاکھ 92 ہزار 665 افراد یا 0.1 فیصد سے بڑھی ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز

اس کی بڑی وجوہات کورونا وائرس سے ہونے والی اموات اور امیگریشن میں کمی ہے۔
یکم جولائی کو اختتام پذیر ہونے والے 12 ماہ میں امریکہ کی آبادی صرف تین لاکھ 92 ہزار 665 افراد یا 0.1 فیصد سے بڑھی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ’یہ امریکہ کے قیام میں آنے کے بعد سے سب سے کم اضافہ ہے۔‘
ادارے کے آبادی ڈویژن کی ڈیموگرافر کرسٹی وائلڈر کے مطابق ’شرح پیدائش اور بین الاقوامی مائیگریشن میں کمی، جبکہ آبادی کی بڑھتی عمر کی وجہ سے شرح اموات میں اضافے کے باعث امریکہ کی آبادی میں اضافہ کئی برسوں سے سست روی کا شکار ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اب کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے مجموعی طور پر امریکہ کی آبادی کے اضافے کی رفتار میں تاریخی کمی آئی ہے۔

شیئر: