Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان کے شہر قلات میں اومی کرون کے 12 مشتبہ کیسز رپورٹ

قلات میں ایک ہی خاندان کے 36 افراد کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بلوچستان کے شہر قلات میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے 12 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 
بدھ کو کورونا آپریشن سیل بلوچستان کے ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی نے اردو نیوز کو بتایا کہ قلات میں 20 اور 21 دسمبر کو ایک ہی خاندان کے 36 افراد کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ 
انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ کے فاطمہ جناح ہسپتال میں قائم لیب میں پی سی آر ٹیسٹ کے دوران 36 میں سے 12 کیسز کا پیٹرن کورونا کی نئی قسم اومی کرون ویریئنٹ سے ملتا جلتا پایا گیا۔ 
نقیب اللہ نیازی کے مطابق ’ہمارے پاس اومی کرون کی تصدیق سے متعلق سہولیات موجود نہیں اس لیے اومی کرون کے مشتبہ مریضوں کے نمونے تصدیق کے لیے این آئی ایچ اسلام آباد بھجوا دیے ہیں جہاں سے نتائج آنے میں آٹھ سے 10 دن لگ سکتے ہیں۔  
انہوں نے بتایا کہ اومی کرون کے مشتبہ مریضوں نے پہلے سے کورونا کی ویکسین لگوائی ہوئی تھی اس لیے ان میں معمولی علامات پائی گئی ہیں۔
یہ لوگ کچھ دن قبل کراچی سے متصل بلوچستان کے شہر حب سے واپس آئے تھے اور ان میں سے کسی کی بیرون ملک سفر کی ہسٹری نہیں ہے۔ 

مریض کچھ دن قبل کراچی سے متصل بلوچستان کے شہر حب سے واپس آئے تھے۔ فائل فوٹو: روئٹرز

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قلات ڈاکٹر نصراللہ لانگو کے مطابق مشتبہ مریضوں کو گھر میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
اومی کرون کے مشتبہ مریض سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت نے تمام ڈاکٹروں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے قلات میں اومی کرون وائرس کی موجودگی کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو حفاظتی اقدمات کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
کورونا وائرس کا نیا ویریئنٹ اومی کرون پہلی مرتبہ 23 نومبر کو جنوبی افریقہ سے رپورٹ ہوا تھا۔ اس نئی قسم کو عالمی ادارہ صحت نے باعثِ تشویش قرار دیا ہے۔

شیئر: