Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نالہ لئی پراجیکٹ کے بعد اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کروں گا‘

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نالہ لئی منصوبہ ان کی زندگی کا اہم مشن تھا (فوٹو: اے پی پی)
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نالہ لئی پراجیکٹ کے بعد اپنی سیاست کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نالہ لئی منصوبہ ان کی زندگی کا اہم مشن تھا جو 11 ارب سے شروع ہوا اور 26 سالوں کے بعد اب ایک سو پانچ ارب پر پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’تمام مسیحی ورکرز کو 25 دسمبر سے پہلے تنخواہیں دے دی جانی چاہییں۔‘
’تنخواہ نہ ملے تو یاسین کو گلے سے پکڑیں، تاکہ وہ مجھے پکڑے۔‘
چھٹیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پچیس کو سنیچر ہے اور اتوار کو بھی چھٹی ہے۔
27 دسمبر کو چھٹی کے مطالبے پر ان کا کہنا تھا کہ ’چھوڑیں چھٹی کو، کام کریں، کبھی میری بات بھی مان لیا کریں۔‘
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسیحیوں کی رہائش کا مسئلہ حل ہونا چاہیے کیونکہ وہ ایسی کچی آبادیوں میں رہ رہے ہیں جو انسانوں کے لیے موافق نہیں۔
’رہائش کے مسائل حل کرنے کی کوشش کروں گا۔‘
شیخ رشید نے ایک بار پھر سیالکوٹ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ہم اس پر شرمندہ ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ ایک سیاسی ورکر ہیں اور تمام مذاہب کے اکابرین کا نام احترام سے لیتے ہیں۔

شیئر: