Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عثمان مرزا کیس: متاثرین بیان قلمبند کروانے کے لیے عدالت طلب

مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت دیگر ملزمان اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ (فوٹو: اسلام آباد پولیس)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے میں لڑکے اور لڑکی پر تشدد کے کیس میں عدالت نے آئندہ سماعت میں دونوں متاثرین کو طلب کر لیا ہے۔
جمعرات کو عدالت نے لڑکا اور لڑکی کو چار جنوری کو بیان قلمبند کروانے کے لیے طلب کیا ہے۔
طلبی کے احکامات ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے جاری کیے ہیں۔  
عدالت کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکے اور لڑکی کے بیان کے بعد ان پر وکلا کی جانب سے جرح کی جائے گی۔
مقدمے میں اب تک 15 گواہوں کے بیانات قلمبند اور جرح مکمل ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیشن عدالت کو کیس کا ٹرائل 28 فروری تک مکمل کرنے کا وقت دیا ہے۔
اسلام آباد کے علاقے ای 11 میں مذکورہ لڑکے اور لڑکی کو ایک اپارٹمنٹ میں عثمان مرزا نامی شخص اور اس کے ساتھیوں نے ہراساں کیا تھا۔
اس واقع کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لڑکی اور لڑکے پر تشدد اور بلیک میلنگ کا کیس تھانہ گولڑہ میں درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
اس وقت مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت دیگر ملزمان اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔  
 
 

شیئر: