Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر علوی سے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط کرنے کا عزم

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی عرب شوریٰ کونسل کے وفد نے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ محمد بن شیخ کی قیادت میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔
اس موقع پرصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں، دوطرفہ زبردست تعاون کو فریقین کے باہمی فائدے کے لیے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے مشکل وقت میں سعودی عرب کی تاریخی اور مسلسل حمایت اور پاکستان کی مالی مدد کو سراہا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی قیادت کو افغانستان میں انسانی صورتحال پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کا 17 واں غیر معمولی اجلاس بلانے کے بروقت اقدام پر مبارکباد دی۔
انہوں نے او آئی سی اجلاس میں عالمی برادری متحرک کرنے اور مالی امداد پر سعودی عرب کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی ممالک نے مشکل وقت میں افغانستان کے عوام کو امید، یکجہتی اور اتحاد کا مضبوط پیغام دیا ۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو اسلام فوبیا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے۔ صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں کے خلاف ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے ، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلانے کے لئے دباؤ ڈالے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبداللہ محمد بن شیخ نے کہا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ، دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئےعملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے صدر مملکت کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔
انہوں نے افغانستان سے متعلق وزرا خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کے کامیاب انعقاد پرصدر ڈاکٹر عارف علوی کو مبارکباد دی۔

شیئر: