Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اومی کرون ویریئنٹ سے ہسپتال میں داخلے کا امکان کم ہے، نئی تحقیقات

دیگر ماہرین نے ابھی تک ان نتائج کا جائزہ نہیں لیا ہے، جو سائنسی تحقیق میں گولڈ سٹینڈرڈ تصور کیا جاتا ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
دو نئی برطانوی تحقیقات کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے اثرات ڈیلٹا ویریئنٹ کے مقابلے میں کم ہو سکتے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سائنسدان اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ان ابتدائی سائنسی تحقیقات کے باوجود شدت میں کسی بھی قسم کی کمی کو اس حقیقت کے مقابلے میں جاننے کی ضرورت ہے کہ اومی کرون ڈیلٹا سے زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے اور ویکسین سے اس سے بچت ہوتی ہے۔
وینڈربلٹ یونیورسٹی کے بائیو کیمسٹ مینوئل آسکانو جونیئر، جو وائرس پر تحقیق کرتے ہیں، کا کہنا ہے کہ بدھ کو جاری ہونے والی نئی تحقیق سے پہلے والی تحقیق کو تقویت ملتی ہے جس سے پتہ چلا ہے کہ اومی کرون ڈیلٹا ویریئنٹ کی طرح نقصان دہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’محتاط امید پسندی شاید اس کو دیکھنے کا بہترین طریقہ ہے۔‘
امپیریل کالج لندن کی کورونا وائرس رسپانس ٹیم کے ایک تجزیے میں انگلینڈ میں اومی کرون سے متاثر ہو کر ہسپتال میں داخل ہونے کے خطرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
ان کے جائزے کے مطابق ڈیلٹا ویریئنٹ سے متاثرہ افراد کے مقابلے میں اومی کرون سے ہسپتال جانے کا امکان تقریباً 20 فیصد کم ہے اور ایک رات یا اس سے زیادہ ہسپتال میں داخل ہونے کا امکان 40 فیصد کم ہے۔
اس تجزیے میں دسمبر کے پہلے 15 دنوں میں انگلینڈ میں پی سی آر ٹیسٹوں کے ذریعے تصدیق شدہ کورونا وائرس کے تمام کیسز شامل تھے۔ جن میں اومی کرون کے کیسز کی تعداد 56 ہزار اور ڈیلٹا کے کیسز کی تعداد دو لاکھ 69 ہزار ہے۔
سکاٹ لینڈ سے باہر ایڈنبرا یونیورسٹی کے سائنسدانوں اور دیگر ماہرین کی ایک الگ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ڈیلٹا کے مقابلے اومی کرون سے متاثر ہو کر ہسپتال میں داخل ہونے کا خطرہ دو تہائی کم ہے۔

امپیریل کالج کے تجزیے میں دسمبر کے پہلے 15 دنوں میں انگلینڈ میں پی سی آر ٹیسٹوں کے ذریعے تصدیق شدہ کورونا وائرس کے تمام کیسز شامل تھے۔ (فوٹو: روئٹرز)

لیکن اس تحقیق نے نشاندہی کی ہے کہ سکاٹ لینڈ میں تقریباً 24 ہزار اومی کرون کیسز بنیادی طور پر 20 سے 39 سال کی عمر کے نوجوانوں میں تھے۔ نوجوانوں میں کورونا وائرس سے شدید متاثر ہونے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔
محققین نے لکھا کہ ’یہ ملک گیر تحقیقات پہلی تحقیقات میں سے ایک ہے جس نے یہ ظاہر کیا ہے کہ ڈیلٹا کے مقابلے میں اومی کرون سے ہسپتال میں داخل ہونے کا امکان کم ہے۔‘
’ جبکہ یہ نتائج ابتدائی مشاہدات پر مبنی ہیں، یہ حوصلہ افزا ہیں۔‘
تاہم دیگر ماہرین نے ابھی تک ان نتائج کا جائزہ نہیں لیا ہے، جو سائنسی تحقیق میں گولڈ سٹینڈرڈ تصور کیا جاتا ہے۔

شیئر: