Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلدیاتی الیکشن: وزیراعظم نے پی ٹی آئی کا تنظیمی ڈھانچہ تحلیل کر دیا

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نئے تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے (فوٹو: پی آئی ڈی)
وزیر اعظم پاکستان عمران جو کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بھی ہیں، نے پارٹی پی ٹی آئی کی تمام تنظیموں کو تحلیل کر دیا گیا ہے اور نئی تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے 21 رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اجلاس میں وزیراعظم بھی شریک ہوئے۔
ان کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی طرف گیارہ سو ٹکٹ دیے گئے۔
’پی پی اور مسلم لیگ ن کی اتنی حیثیت نہیں کہ اتنے ٹکٹ دے سکے، ایک سندھ اور دوسرے پنجاب تک محدود ہے۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو فارگرانٹڈ نہیں لیا جا سکتا۔
انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے کہا کہ ہمارے اوپر ذمہ داری ہوتی ہے اس کو ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ محمود خان، پرویز خٹک اور دیگر عہدیداروں سے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے بات چیت کی۔
فواد چوہدری نے یہ بھی بتایا کہ 21 رکنی کمیٹی میں چاروں صوبوں اور وفاق سے ارکان شامل ہیں۔
’بلدیاتی الیکشن کے اگلے مرحلے اور پنجاب کے ٹکٹس کا فیصلہ بھی یہی کمیٹی کرے گی‘
ان کے بقول اگر کسی کے رشتہ دار کو ٹکٹ دینا بھی پڑے تو اس کا فیصلہ مقامی قیادت نہیں کرے گی بلکہ معاملہ اس کمیٹی کے سپرد ہو گا اور وفاق میں فیصلہ ہو گا۔
 فواد چوہدری نے بتایا کہ کے پی میں ویلیج کونسل کے نتائج میں اب بھی پی ٹی آئی سب سے آگے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خاندانی سیاست والی جماعت نہیں، ٹکٹ میرٹ پر ہی دیا جائے گا۔
’اگر پی پی اور مسلم لیگ ن کا کلچر پی ٹی آئی میں آ گیا تو پھر ان میں اور اس میں کیا فرق رہ جائے گا۔‘

شیئر: