Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہترین فنکاروں کو 25 کروڑ سے زائد کے فنڈز دیں گے: فواد چوہدری

فواد چوہدری نے بتایا کہ ’پی ٹی وی میں فلم ڈویژن تشکیل دیا جا رہا ہے اور اس وقت دو  فلمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے فلم، ڈرامہ اور موسیقی کے شعبے کی بہتری کے لیے نیشنل ایوارڈز بحال کرنے اور بہترین فنکاروں کے لیے 25 کروڑ سے زائد کے فنڈز کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نیشنل ایوارڈ کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’دنیا کی تیسری سب سے زیادہ فلمیں پاکستان میں بنتی تھیں، اسی طرح تیسرے یا چوتھے نمبر پر سب سے بڑی سینما سکرینیں پاکستان کے پاس تھیں لیکن ہم نے بڑی محنت سے اپنی فلم اور ڈرامے کا بیڑہ غرق کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وہ سارے میڈیمز جنہوں نے پاکستان کی کہانی دنیا کو بیان کرنا تھی ان سب کو ہم نے کمزور کر دیا۔ اس ایم او یو کے نتیجے میں ان تمام میڈیمز کی بحالی کر رہے ہیں۔‘
فواد چوہدری نے بتایا کہ ’سب سے پہلے فلم، ڈرامہ اور میوزک کے نیشنل ایوارڈ کو بحال کر رہے ہیں۔ آئندہ سال پاکستان کے بہترین فنکاروں کو 22 ایوارڈز دیں گے اور 25 کروڑ سے زائد رقم ان فنکاروں کو دی جائے گی۔‘
انہوں نے حکومت کی فلم پالیسی کے حوالے سے بتایا کہ ’نئی فلم پالیسی مکمل کر لی ہے جس کے تحت غیرملکی مواد پر ٹیکس لگائے گئے ہیں اور مقامی کانٹینت کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’ایسے اشتہارات جن میں غیرملکی فنکاروں کو کاسٹ کیا جاتا ہے ان کی وجہ سے پاکستانی فنکار نظرانداز ہو جاتے ہیں اس لیے ہم ایسے اشتہارات پر بھاری ٹیکسز لگا رہے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی وی میں فلم ڈویژن تشکیل دیا جا رہا ہے اور اس وقت دو  فلمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ ’ظہیر الدین بابر پر فلم ازبکستان کے ساتھ مل کر جبکہ علامہ محمد اقبال کی زندگی پر فلم بنا رہے ہیں۔‘
فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ یہ بین الاقوامی معیار کی بڑے بجٹ کی فلمیں ہیں۔ ’اس کے ساتھ ٹیپو سلطان کی زندگی پر فلم ایک پرائیوٹ کمپنی ہمارے ساتھ مل کر بنا رہی ہے۔‘
انہوں نے پی ٹی وی فلمز کو نوجوان فلم سازوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’نوجوان فلم میکرز ہمارے ساتھ مل کر فلم پروڈیوس کریں، ہم فنڈز بھی دیں گے اور مارکیٹنگ بھی کریں گے۔‘
پاکستان کے سینما گھروں کی بحالی کے لیے اقدامات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’سینما پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، سینما کے لیے بجلی کے ڈومیسٹک ریٹس آفر کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’این سی او سی سے درخواست کی تھی کہ سینما کھولے جائیں، اب سینما کھلے ہیں۔ ہم نے علاقائی، نان انڈین پنجابی فلموں کو اجازت دی اور غیرملکی فلموں کو (سینما میں دکھانے کی) اجازت دی۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’انٹرٹینمنٹ چینلز کو پہلی بار حکومت کی اشتہاری پالیسی میں شامل کیا ہے تاکہ اپنے فنڈز انٹرٹینمنٹ کو دے سکیں۔‘

شیئر: