Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان کرکٹر محمد نبی نے سابق صدر اشرف غنی کے ساتھ تصویر ڈی پی پر سجا لی

محمد نبی نے ٹی20 ورلڈ کپ میں افغان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی (فوٹو: ویڈیو گریب)
افغان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد نبی نے ملک سے فرار ہو جانے والے سابق صدر اشرف غنی کے ساتھ لی گئی تصویر کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی ڈسپلے پکچر (ڈی پی) بنا لیا ہے۔
محمد نبی کی جانب سے ڈی پی کی تبدیلی کا یہ معاملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک کا کنٹرول واپس حاصل کیے ہوئے طالبان کو 100 دنوں سے زائد ہو چکے ہیں۔

محمد نبی کی جانب سے ڈی پی کی تبدیلی پر جہاں کچھ افغان صارفین نے ان کی حمایت کی وہیں دیگر نے اس عمل کی مذمت کی تو لکھا کہ ایک ایسا فرد قوم کو مشکلات میں چھوڑ کر بیرون ملک چلا گیا اس سے تعلق کے اظہار کے ذریعے آپ کون سے مقاصد حاصل کرنا چاہ رہے ہیں۔
افغان کرکٹر پر تنقید ہوئی تو ان کے حامی بھی خاموش نہ رہے۔ اعجاز اتل نامی ٹویپ نے محمد نبی کا دفاع کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ وہ بطور فرد موجود افغان حکومت سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔
سابق صدر کے ساتھ تصویر لگانا ٹھیک ہے یا ایسا کر کے کچھ غلط ہوا ہے کہ بحث کے دوران معاملہ محمد نبی کے کرکٹ کیریئر کے مستقبل تک جا پہنچا۔

کچھ صارفین نے کرکٹر کی جانب سے اس عمل کو ریٹائرمنٹ سے تعبیر کیا تو دعوی کیا کہ انہوں نے ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔
سابق افغان صدر کے حامی ایک ٹویپ نے محمد نبی کی ڈی پی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ہم بحیثیت قوم سابق افغان صدر کو کھونے کا نقصان کئی دہائیوں تک بھگتتے رہیں گے۔
تاحال افغان کرکٹ بورڈ یا خود محمد نبی نے کھلاڑی کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تاہم ان کی تصویر پر تبصرہ کرنے والوں کا خیال رہا کہ اس طرح کر کے وہ اپنا کیریئر ختم کر چکے ہیں۔

ٹویپس میں سے کچھ کو یہ محمد نبی کے کرکٹ کیریئر کا ڈرامائی اختتام لگا تو دیگر ان سے یہ مطالبہ کرتے رہے کہ وہ اپنے ممدوح کی طرح ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔
36 سالہ محمد نبی افغان کرکٹ ٹیم میں دائیں ہاتھ سے آف بریک بولنگ کراتے اور بلے بازی کرتے رہے ہیں۔ دی پریزیڈینٹ کی عرفیت سے پہچانے جانے والے آل راؤنڈر محمد نبی نے 2021 میں بھی افغان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ وہ ان دنوں بگ بیش لیگ میں میلبرن ریبیگیڈز کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔

شیئر: