Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینسر کے خلیے مدافعتی نظام کو کیسے بے اثر کرتے ہیں؟ نیا طریقہ دریافت

محققین نے چوہوں میں تیار کی گئی رسولیوں کے گرد موجود سیال کا تجزیہ کیا (فوٹو: پکسابے)
ایک سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ رسولیاں ایک مخصوص اینٹی آکسیڈنٹ پروٹین خارج کرکے کینسر سے لڑنے والے مدافعتی خلیوں کی سرگرمی روک سکتی ہیں۔ اس عمل کو ناکام بنانے سے تجربات میں رسولیوں کی افزائش کم ہوئی اور بعض اقسام کے کینسر پر امیونوتھراپی کا اثر بہتر ہوا۔
برطانیہ کی یونیورسٹی آف کیمبرج اور امریکہ کی اوریگن ہیلتھ اینڈ سائنس یونیورسٹی کے محققین نے دریافت کیا ہے کہ بعض کینسر زدہ رسولیاں پی آر ڈی ایکس ون (PRDX1) نامی اینٹی آکسیڈنٹ پروٹین خارج کرتی ہیں، جو جسم کے مدافعتی نظام کو کینسر کے خلیوں پر حملہ کرنے سے روک سکتی ہے۔
سائنسی جریدے سائنس میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق مدافعتی نظام کے ٹی سیلز (T cells) کینسر کے خلیوں کو پہچاننے اور تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم انہیں فعال ہونے کے لیے ری ایکٹو آکسیجن اسپیشیز (ROS) نامی مالیکیولز کی معمولی مقدار درکار ہوتی ہے۔ یہ مالیکیولز ٹی سیلز کو کینسر کے خلاف کارروائی شروع کرنے کے ضروری اشارے فراہم کرتے ہیں۔
محققین نے چوہوں میں تیار کی گئی رسولیوں کے گرد موجود سیال کا تجزیہ کیا تو معلوم ہوا کہ کینسر کے خلیے بڑی مقدار میں PRDX1 خارج کرتے ہیں۔ یہ پروٹین ری ایکٹو آکسیجن اسپیشیز کو ختم کرکے ٹی سیلز کی فعالیت متاثر کرتا ہے، جس سے وہ کینسر کے خلیوں کو مؤثر طریقے سے تباہ نہیں کر پاتے۔
تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی ’کرسپر‘ (CRISPR) کی مدد سے ایسے کینسر زدہ خلیے تیار کیے جو PRDX1 نہیں بنا سکتے تھے۔ تجربات میں ان خلیوں سے بننے والی رسولیوں کے خلاف مدافعتی ردعمل بہتر ہوا اور ان کی افزائش محدود رہی۔ بعض تجربات میں پہلے امیونوتھراپی کے خلاف مزاحمت کرنے والی رسولیاں بھی علاج کے لیے زیادہ حساس ہو گئیں۔
محققین نے انسانی کینسر کے خلیوں، ہزاروں رسولیوں کے جینیاتی ڈیٹا اور مریضوں سے حاصل کردہ نمونوں کا جائزہ بھی لیا۔ ان تجزیوں سے انسانی کینسر میں بھی اسی طریقۂ کار کے شواہد ملے۔
یونیورسٹی آف کیمبرج کے پروفیسر راہل رائے چودھری کے مطابق اس طریقۂ کار کو روکنے سے بعض ایسے کینسر بھی علاج کے لیے جواب دینے لگے جو پہلے امیونوتھراپی کے خلاف مزاحمت کرتے تھے۔
محققین کا کہنا ہے کہ نتائج مستقبل میں کینسر کے علاج کے نئے طریقے تیار کرنے میں مدد دے سکتے ہیں تاہم یہ ابھی تجرباتی مرحلے میں ہیں اور انسانوں کے لیے کسی نئے علاج کی افادیت ثابت نہیں ہوئی۔

شیئر: