Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سام سنگ گلیکسی ایس 27 کا نیا ڈیزائن لیک، الٹرا اور پرو ماڈلز میں کیا تبدیلی ہوگی؟

سمارٹ فونز گلیکسی ایس 27 الٹرا، ایس 27 پرو اور ایس 27 پلس کے ڈمی ماڈلز کی تصاویر لیک ہوگئی ہیں۔(فوٹو:فون ارینا)
جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کے آئندہ فلیگ شپ سمارٹ فونز گلیکسی ایس 27 الٹرا، ایس 27 پرو اور ایس 27 پلس کے ڈمی ماڈلز کی تصاویر لیک ہوگئی ہیں، جن میں مہنگے ماڈلز کے کیمرہ ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی دکھائی گئی ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’اینڈرائیڈ اتھارٹی‘ کے مطابق معروف لیکر سونی ڈکسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تین مبینہ ڈمی ماڈلز کی تصاویر شیئر کی ہیں، جنہیں گلیکسی ایس 27 الٹرا، ایس 27 پرو اور ایس 27 پلس قرار دیا جا رہا ہے۔
لیک ہونے والی تصاویر میں گلیکسی ایس 27 الٹرا اور ایس 27 پرو کے پچھلے حصے پر بڑا کیمرہ ماڈیول دکھائی دیتا ہے، جو سام سنگ کے موجودہ فلیگ شپ فونز میں استعمال ہونے والے الگ الگ کیمروں کے ڈیزائن سے مختلف ہے۔
دوسری جانب گلیکسی ایس 27 پلس میں پچھلے ماڈل جیسا کیمرہ ڈیزائن نظر آتا ہے۔ اس طرح ابتدائی معلومات کے مطابق سام سنگ اپنے مہنگے الٹرا اور پرو ماڈلز کو پلس ورژن سے ظاہری طور پر الگ رکھنے کی تیاری کر رہا ہے۔
تاہم لیک ہونے والی تصاویر میں کیمروں کی ترتیب سے متعلق سوالات بھی سامنے آئے ہیں۔

معروف ٹِپسٹر آئس یونیورس نے ان تصاویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلیکسی ایس 27 الٹرا اور پرو کے کیمرہ ماڈیول کے اوپری دائیں جانب دکھایا گیا کیمرہ حقیقت میں موجود نہیں۔
دوسری جانب سام سنگ سے متعلق خبروں اور لیکس پر نظر رکھنے والی ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’سیمی گرو‘ کے مطابق کیمرہ ماڈیول میں اضافی کیمرے کے طور پر دکھائی دینے والا حصہ دراصل لیزر آٹو فوکس سینسر ہو سکتا ہے، جو کیمرے کو کسی چیز پر تیزی سے فوکس کرنے میں مدد دیتا ہے۔ 
اس لیے ڈمی ماڈلز میں دکھائی دینے والے چاروں دائروں کو کیمرے سمجھنا درست نہیں ہوگا۔
اس سے قبل سامنے آنے والی لیکس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گلیکسی ایس 27 الٹرا میں صرف تین بیک کیمرے دیے جا سکتے ہیں اور کمپنی موجودہ ماڈل میں موجود 3 ایکس زوم والے ٹیلی فوٹو کیمرے کو ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
 تاہم فون کے حتمی کیمرہ سیٹ اپ کی تصدیق نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ لیک ہونے والی تصاویر اصل فونز کی نہیں بلکہ ڈمی ماڈلز کی ہیں۔(فوٹو:ایکس)

رپورٹس کے مطابق گلیکسی ایس 27 الٹرا، پرو اور پلس کے علاوہ اس سیریز میں ایک عام گلیکسی ایس 27 ماڈل بھی متوقع ہے۔ نئی سیریز کو 2027 کے آغاز میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ لیک ہونے والی تصاویر اصل فونز کی نہیں بلکہ ڈمی ماڈلز کی ہیں، جنہیں عموماً موبائل فونز کے سائز، ساخت اور ممکنہ ڈیزائن کا اندازہ لگانے کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔
اس لیے ان کی بنیاد پر حتمی ڈیزائن یا فیچرز کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ سام سنگ نے بھی ابھی تک گلیکسی ایس 27 سیریز کے ڈیزائن یا خصوصیات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

شیئر: