Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل کے صارفین کو اپنا آئی فون خود مرمت کرنے کی اجازت

ایپل کے آن لائن سٹور پر آئی فون 12 یا 13 کے دو سو سے زیادہ انفرادی پرزے اور ٹولز ہوں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایپل نے آئی فون کے چند صارفین کو اپنے فون خود مرمت کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایپل کمپنی نے کہا ہے کہ آئی فون کے دو نئے ماڈلز اور میک کمپیوٹرز کے صارفین کو ایپل کے حقیقی پرزوں اور مرمت کے آلات تک رسائی کی اجازت دی جائے گی۔
خیال رہے کہ ایپل نے طویل عرصے سے کمپنی کے منظور شدہ تکنیکی ماہرین کے علاوہ کسی کو بھی اس کے ملکیتی حصوں اور سافٹ ویئر کو چھیڑنے سے منع کیا ہوا ہے۔ 
یہ تبدیلی صدر جو بائیڈن کی طرف سے منظور کردہ ’مرمت کے حق‘ کی تحریک کو مضبوط کرتی ہے اور سمارٹ فونز سے لے کر کاروں اور ٹریکٹرز تک ہر چیز کو متاثر کرتی ہے۔
مرمت کے حق کی تحریک دراصل مینوفیکچررز کے طرز عمل کے رد عمل میں شروع کی گئی ہے ہے جنہوں نے مصنوعات کی مرمت کو مشکل اور مہنگا بنا دیا ہے۔
ایپل کمپنی اگلے سال کے آغاز میں خود کار مرمت کے لیے ایک آن لائن سٹور کھول رہا ہے۔ اس سٹور پر آئی فون 12 یا آئی فون 13 کی مرمت کے لیے دو سو سے زیادہ انفرادی پرزے اور آلات موجود ہوں گے۔
یہ ابتدائی طور پر سکرینوں، بیٹریوں اور ڈسپلے کو خود سے درست کرنے پر توجہ مرکوز کرے گا، جس کی ایپل نے پہلے مزاحمت کی تھی اور حفاظت کے بارے میں خدشات کا حوالہ دیا تھا، جیسے کہ بیٹری کی خراب تبدیلی جو فون کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق وہ آئی فون کے دو نئے ماڈلز اور کچھ میک کمپیوٹرز کے صارفین کو ایپل کے حقیقی پرزوں اور مرمت کے آلات تک رسائی کی اجازت دے گی۔ (فائل فوٹو: دی ورج)

کنزیومر رپورٹس کی سینئر پالیسی تجزیہ کار مورین مہونی کا کہنا ہے کہ ایپل کا فیصلہ صارفین کے لیے خوش آئند ہے اور اس بات کی علامت ہے کہ اسی طرح کے معیارات دیگر الیکٹرانکس پر لاگو ہونے چاہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ کوئی پروڈکٹ خریدتے ہیں، تو آپ میں اسے ٹھیک کرنے کی قابلت بھی ہونی چاہیے۔ ورنہ صارفین کو یا تو مینوفیکچررز کی جانب سے مختص کیے گئے مرمت کرنے والوں پر انحصار کرنا ہوگا یا انہیں نیا پراڈکٹ خریدنا ہوگا۔‘
واضح رہے کہ فیڈرل ٹریڈ کمیشن، بائیڈن انتظامیہ اور ریاستی مقننہ ریگولیٹری تبدیلیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں جس سے امریکیوں کے لیے اپنے ٹوٹے ہوئے آلات کی مرمت کرنا آسان ہو جائے گا۔

شیئر: