Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مائیکروسافٹ سروسز کی بحالی شروع، عالمی تعطل سے کاروبار اور عوامی خدمات متاثر

مائیکروسافٹ نے حالیہ تعطل کی وجہ اپنے انفرااسٹرکچر پر غیر معمولی دباؤ کو قرار دیا ہے (فوٹو: گیٹی)
مائیکروسافٹ نے جمعے کو کہا ہے کہ آؤٹ لک ای میل اور ِاس کی دیگر سروسز کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے۔ کمپنی کی یہ سروسز دنیا بھر میں تعطل کا شکار تھیں، جس کے باعث سرکاری خدمات اور کاروباری اداروں کا کام متاثر ہوا۔
کمپنی نے ایک تازہ بیان میں کہا کہ شمالی امریکہ میں سروسز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، یورپ کے بیشتر حصوں میں بھی یہ بہتری برقرار ہے، جب کہ ایشیا پیسیفک کے خطے سے بھی بحالی کے حوصلہ افزا اشارے مل رہے ہیں۔
مائیکروسافٹ کی متعدد مصنوعات کو متاثر کرنے والے اِس تعطل کے باعث طبی خدمات میں خلل پڑا، کمپنیوں کی مالی کارکردگی سے متعلق رپورٹس جاری ہونے میں تاخیر ہوئی اور سکولوں کو رابطے کے نظام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
برطانیہ کی ایک بڑی ٹریڈ یونین نے کہا ہے کہ اِس تعطل کے ملک کے نظامِ صحت پر ’سنگین اثرات‘ مرتب ہو رہے ہیں۔
جی ایم بی یونین کے شعبۂ عوامی خدمات کی سربراہ ریچل ہیریسن کے مطابق برطانیہ کے قومی ادارۂ صحت (این ایچ ایس) کے ہنگامی کالز وصول کرنے والے عملے کو مریضوں کی تفصیلات معمول کے طریقے سے متعلقہ شعبوں تک پہنچانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس کے نتیجے میں کام کا بہت بڑا بیک لاگ جمع ہو رہا ہے اور صورتِ حال بدنظمی کا شکار ہو سکتی ہے۔
لندن کے مالیاتی مرکز میں خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرنے والے متعدد افراد نے کہا کہ مائیکروسافٹ کی سروسز میں تعطل سے انہیں اندازہ ہوا کہ وہ کمپنی کے مصنوعی ذہانت کے نظام ’کوپائلٹ‘ کے کس حد تک عادی ہو چکے ہیں۔
مائیکروسافٹ نے اِس تعطل کی وجہ اپنے انفرااسٹرکچر پر غیر معمولی دباؤ کو قرار دیا ہے، جب کہ ڈیجیٹل سروسز کے تعطل کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ پر مسائل کی شکایات کی تعداد مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے تک کم ہونا شروع ہو گئی تھی۔
ٹیکنالوجی کی اِس بڑی کمپنی نے یہ بھی کہا کہ اُسے ایسی کسی بدنیتی پر مبنی سرگرمی کا علم نہیں جو اِس تعطل کا سبب بنی ہو۔

مائیکروسافٹ نے ابتدا میں کہا تھا کہ اسے امریکہ کے دونوں براعظموں میں سروسز کے تعطل کی اِطلاعات موصول ہوئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

تاہم، کمپنی کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جانے کے باوجود سروسز کو مکمل طور پر بحال کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق یہ تعطل صرف ایک گھنٹے کے اندر دنیا بھر میں پھیل گیا اور 74 ممالک اور علاقوں میں مائیکروسافٹ کی مصنوعات کی سروسز متاثر ہوئیں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ نقشے میں دکھایا گیا کہ اس تعطل سے امریکہ کے دونوں براعظموں کے علاوہ یورپ، ایشیا اور افریقہ کے بعض حصوں میں صارفین متاثر ہوئے۔
دنیا بھر میں اثرات
انڈیا کی فضائی کمپنیوں نے خبردار کیا کہ صارفین کی جانب سے بھیجے گئے سوالات اور شکایات انہیں موصول نہیں ہو پا رہیں، جب کہ نیوزی لینڈ نے کہا کہ اِس تعطل کے باعث ویزا درخواستوں پر کارروائی روکنا پڑی ہے۔ جاپان نے بھی خبردار کیا کہ اِس کے اثرات وسیع پیمانے پر مرتب ہوں گے۔
مائیکروسافٹ نے ابتدا میں کہا تھا کہ اسے امریکہ کے دونوں براعظموں میں سروسز کے تعطل کی اِطلاعات موصول ہوئی ہیں اور وہ اِن کی تحقیقات کر رہی ہے۔ تاہم بعد ازاں کمپنی نے تصدیق کی کہ یہ مسئلہ بظاہر کسی بھی خطے میں موجود صارفین کے لیے ’مائیکروسافٹ 365 کی سروسز سے رابطے‘ کو متاثر کر رہا ہے۔
مائیکروسافٹ 365 کمپنی کی کلاؤڈ پر مبنی سبسکرپشن سروس ہے، جس میں آؤٹ لک اور ٹیمز جیسی مقبول ایپلی کیشنز شامل ہیں۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق، ہزاروں صارفین نے مائیکروسافٹ کی ٹیمز اور کوپائلٹ سروسز میں بھی مسائل کی شکایات درج کرائی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

کمپنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’ہم نے یہ تعین کیا ہے کہ مختلف خطوں میں ہمارے انفرااسٹرکچر کے ایک حصے پر غیر معمولی دباؤ ہے، جو ممکنہ طور پر سروسز سے رابطے میں پیش آنے والی خرابیوں کی وجہ بن رہا ہے۔‘
کمپنی نے مزید کہا کہ ’ہم اِس تعطل کے اثرات کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ راستوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔‘
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق، ہزاروں صارفین نے مائیکروسافٹ کی ٹیمز اور کوپائلٹ سروسز میں بھی مسائل کی شکایات درج کرائی ہیں۔

شیئر: