Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیپلز پارٹی کا 27 فروری کو حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی نے 27 فروری کو مزار قائد کراچی سے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔
اس بات کا اعلان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کو لاہور میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمارا قافلہ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا اور وہاں پہنچ کر اپنے مطالبات سامنے رکھے گا۔‘
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اپنے لانگ مارچ کے سلسلے میں انہیں اعتماد میں نہیں لیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے اپنا احتجاج آج سے ہی شروع کردیا ہے۔ حکومت سے نجات کے لیے صاف اور شفاف انتخابات ضروری ہیں۔‘
’پیپلز پارٹی کو تشویش ہے کہ پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کو سات سال سے دباتی رہی اور اسے جمہوری طاقتوں کے خلاف استعمال کرتی رہی۔‘
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’الیکشن کمیشن  پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کے معاملے پر کارروائی کرے۔‘
’پیپلز پارٹی کسی ادارے کی طرف نہیں دیکھ رہی، عوام کو عمران خان سے نجات دلانے  کے لیے سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔‘
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا منشور کل بھی روٹی،کپڑا اور مکان تھا اور آج بھی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے سب پر چوری کا الزام لگایا۔ اپنی سیاست چمکائی، ملک کو کنگال اور اپنی جائیداد میں دو گنا اضافہ کرلیا۔‘
’عوام غریب اور ملک کا وزیراعظم امیر ہوگیاہے، عمران خان بتائیں ان کے پاس کون سی جادو کی چھڑی ہے۔‘
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق ’عمران خان کو جواب دینا ہوگا کہ وہ کیا خفیہ کاروبار کررہے ہیں؟‘

شیئر: