Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد رضوان سال کے ’سب سے قیمتی‘ کھلاڑی، بابراعظم ’کرکٹر آف دی ایئر‘ قرار

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بابر اعظم نے جیت لیا ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام فارمیٹس میں کپتان بابر اعظم نے گذشتہ سال چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 405 رنز بنائے۔
ایوارڈ اپنے نام کرنے کے بعد بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ایوارڈ جیتنے پر خوشی ہے۔ ’ہمیشہ پرستاروں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال انگلینڈ کے خلاف 150 سے زائد رنز کی اننگز میری پسندیدہ اننگز تھی۔
بابر اعظم کے مطابق کرکٹ میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں مگر وہ غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی

کیلنڈر ایئر 2021 میں وکٹوں کے پیچھے 56 شکار کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ میں 455 رنز، ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 134 رنز اور ٹی20 انٹرنیشنل میں ریکارڈ 1326 رنز بنانے والے محمد رضوان نے سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔
اس ایوارڈ کے لیے محمد رضوان کے علاوہ بابر اعظم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو نامزد کیا گیا تھا۔
محمد رضوان نے سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے کے علاوہ سال کے بہترین ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
اپنی اس کامیابی پر محمد رضوان کا کہنا تھا کہ انہیں کیلنڈر ایئر 2021 کے سب سے قیمتی کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے پر فخر ہے۔

بابر اعظم نے گذشتہ سال چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 405 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

’وہ مطمئن ہیں کہ انہوں نے 2021 میں اپنی کارکردگی سے تمام فارمیٹس میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا۔‘

ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر

ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر  کا ایوارڈ فاسٹ بولر حسن علی کو ملا ہے۔ انہوں نے 2021 میں نو ٹیسٹ میچز میں 41 وکٹیں حاصل کیں۔
ایوارڈ ملنے کے بعد حسن علی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پانا باعثِ فخر ہے۔ ’راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کرنا کیلنڈر ایئر 2021 کا یادگار لمحہ تھا۔‘

ویمن کرکٹر آف دی ایئر

ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ ندا ڈار کے نام رہا ہے۔ انہوں نے گذشتہ سال 10 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 363 رنز اور چھ وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے چھ ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 95 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ سات وکٹیں بھی حاصل کیں۔
ندا ڈار کا ایوارڈ ملنے پر کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ جیتنا میرے لیے بہت فخر کی بات ہے۔ یہ حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے۔

شیئر: