Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اوور مائی ڈیڈ باڈی‘: ڈین ایلگر کا منفرد انداز مداحوں کو بھا گیا

جنوبی افریقہ نے انڈیا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز1-1 سے برابر کردی۔ (تصویر: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ نے وانڈرررز ٹیسٹ میں انڈیا کو شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے اور اس جیت کا ہیرو سابق کرکٹرز اور سوشل میڈیا صارفین جنوبی افریقہ کے کپتان ڈین ایلگر کو قرار دے رہے ہیں۔
ڈین ایلگر کی تعریفوں کی وجہ یہ ہے کہ وہ انڈین بولرز کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑے ہوگئے اور یہ پروا بھی نہیں کی یہ گیند انہیں لگ سکتی ہے اور زخمی کرسکتی ہے۔ انہوں نے 188 گیندوں پر 96 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
انڈین بولرز جسپریت بمراہ، شردل ٹھاکر اور محمد شامی کی برق رفتار گیندوں سے اپنی وکٹ کا دفاع کرنے کے لیے انہوں نے اپنے جسم کا استعمال کیا۔
سابق انڈین فاسٹ بولر عرفان پٹھان ڈین ایلگر کی ہمت سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے اور لکھا ’کیا ڈین ایلگر اضافی جلد اوڑھے ہوئے ہیں؟‘
ٹوئٹر پر ’بلیکس ان وائٹس‘ نامی اکاؤنٹ نے ڈین ایگلگر کو داد دینا کے لیے مزاحیہ انداز اپنایا اور ایک میم شیئر کی جس میں بغیر قمیض پہنے ایک شخص کو دیکھا جاسکتا ہے جس کے جسم پر زخموں کے نشان ہیں۔
انڈین صحافی راجدیپ سردیسائی نے ڈین ایلگر کی بیٹنگ کو ’اوور مائی ڈیڈ باڈی‘ اننگز قرار دیا اور کہا کہ انہیں لگا نہیں تھا کہ جنوبی افریقہ یہ میچ جیت سکتا ہے۔
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ڈین ایلگر ایک ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں ہم سب اپنی ٹیموں میں رکھنا چاہیں گے۔‘
جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور کرکٹ حلقوں میں ’مسٹر پرفیکٹ‘ کے نام سے مشہور اے بی ڈیویلیرز نے لکھا ’ڈین ایلگر ایک ایسے کپتان ہیں جن کی میں پیروی کروں گا۔‘
انڈیا کے سابق منسٹر پی چدمبرم کہتے ہیں کہ ’ڈین ایلگر نے دکھایا کہ ایک کپتان کو کیسے کھیلنا چاہیے: ذمہ داری سے۔‘
’یہ ایک سبق ہے تمام کپتانوں کے لیے۔‘

شیئر: