Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد آصف بولنگ کے جادوگر تھے: ہاشم آملہ

اپنے کیریئر میں محمد آصف نے ہاشم آملہ کو پانچ مرتبہ آؤٹ کیا، (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے فاسٹ بولر محمد آصف 2010 میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا کے بعد کرکٹ کے منظرنامے سے غائب ہوگئے تھے لیکن آج 11 سال گزر جانے کے باوجود بھی ان کا نام کرکٹ حلقوں میں گونج رہا ہے۔
جنوبی افریقہ اور انڈیا کے ٹیسٹ میچ کے دوران جب سٹار سپورٹس کے ایک پریزنٹر نے سابق بیٹسمین ہاشم آملہ سے ان کے پسندیدہ بولر کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے محمد آصف کا نام لیا۔
انہوں نے محمد آصف کو ’ٹیکنیکل‘ بولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے محسوس کیا کہ وہ گیند کے ساتھ ایک جادوگر(کی طرح) تھے۔‘
سابق جنوبی افریقی بیٹسمین کا کہنا تھا کہ محمد آصف کا ہاتھ دیکھ کر یا گیند چھوڑنے کا طریقہ دیکھ کر اندازہ نہیں لگایا جاسکتا تھا کہ اگلی گیند وکٹوں میں آئے گی یا باہر جائے گی۔
’اگر میں گیند چھوڑتا تھا تو وہ اندر آ کر آف سٹمپ اڑا دیتی تھی اور اگر کھیلتا تھا تو گیند باہر نکلتی تھی، بیٹ کا کنارہ لگ جاتا تھا۔‘
’وہ دیکھنے کے لیے تو ایک خوبصورت بولر تھے لیکن ان کا سامنا کرنا اچھا نہیں لگتا تھا۔‘
اپنے کیریئر میں محمد آصف نے ہاشم آملہ کو پانچ مرتبہ آؤٹ کیا۔ محمد آصف کے مداح ہاشم آملہ کے آؤٹ ہونے کی وڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں۔
پاکستان کے لیے سنہ 2005 میں ڈیبیو کرنے والے محمد آصف کا شمار اپنے وقت کے بہترین بولرز میں ہوتا تھا۔ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈیویلیرز نے سابق پاکستانی بولر کو دنیا کے پانچ بہترین بولرز میں سے ایک قرار دیا تھا اور ہاشم ماضی میں بھی انہیں ’جادوگر‘ کہہ کر مخاطب کیا کرتے تھے۔
لیکن 2010 میں اس بولر کا جادو اس وقت ختم ہوا جب انگلینڈ کے دورے پر محمد آصف، محمد عامر اور سلمان بٹ پر سپاٹ فکسنگ کے الزامات لگے۔
آصف پر پانچ سال کی پابندی لگی اور اس کے بعد انہوں نے 2016 میں دوبارہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا شروع کی لیکن وہ پھر کبھی پاکستان کی نمائندگی نہ کر سکے۔
سابق فاسٹ بولر نے 23 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 106 وکٹیں حاصل کیں۔
 ون ڈے میں انہوں نے 38 میچوں میں 46 وکٹیں لیں جبکہ 11 ٹی20 میچوں میں انہوں 13 وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: