Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایف نائن ماس ویکسینیشن سینٹر جلد دوبارہ کھولا جائے گا‘

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن مرکز کو جلد دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد میں ویکسینیشن کے لیے خصوصی طور پر قائم کیے گئے ایف نائن ماس ویکسینیشن سینٹر کو جلد دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت کے ایف نائن پارک میں قائم کیے گئے ویکسینیشن مرکز کو چند روز قبل اچانک بند کر دیا گیا تھا۔
کورونا وبا پر قابو پانے کے خصوصی اقدامات کے تحت کراچی، لاہور کے طرز پر اسلام آباد میں قائم کیے گئے ویکسینیشن سینٹر سے دارالحکومت کے مکینوں سمیت اردگرد کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد اور بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو بھی ویکسینیشن کی سہولیات فرہم کی جاتی رہی ہیں۔
اردو نیوز سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن مرکز کو جلد دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت صحت سے درخواست کی ہے کہ اس مرکز کو دوبارہ فعال کیا جائے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ڈیٹا کے مطابق اسلام آباد سمیت پاکستان کے متعدد شہر اس وقت اومی کرون ویرینٹ کی وجہ سے کورونا وائرس کی نئی لہر کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس دوران متعدد شہروں میں مثبت کیسز کی شرح میں بہت زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جمعہ سات جنوری کو پاکستان بھر میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے 51145 ٹیسٹ کیے گئے، ان میں 1293 افراد میں کورونا وائرس مثبت پایا گیا۔
حالیہ ٹیسٹ کے نتائج سامنے آنے کے بعد کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 2.52 فیصد ہو گئی ہے۔ 
دو روز قبل ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اسلام آباد کی آبادی کی بڑی تعداد کو کورونا ویکسین مہیا کی جا چکی ہے اس لیے اب ایف نائن مرکز کی مزید ضرورت باقی نہیں ہے، اسے بند کیا جا رہا ہے البتہ دیگر مراکز فعال رہیں گے۔

ماس ویکسینیشن سینٹر کی بندش کے بعد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے فیصلے پر خاصی تنقید کی گئی تھی۔ سوشل ٹائم لائنز پر ویکسینیشن سینٹر کی بندش کا نوٹیفیکیشن شیئر کرنے والوں کا موقف تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح بڑھ رہی ہے، اہم ویکسینیشن سینٹر کی بندش ناقابل فہم ہے۔

معاملے پر گفتگو کرنے والے کچھ افراد نے موقف اپنایا کہ حکومت اور انتظامیہ ایک جانب بوسٹر ڈوز لگوانے اور رہ جانے والوں کو ویکسینیشن پر قائل کر رہی ہے اور دوسری جانب ایسا مرکز بند کر دیا گیا ہے جہاں سے کم وقت میں رش سے بچتے ہوئے ویکسینیشن ممکن تھی۔

کچھ صارفین نے ایف نائن ویکسینیشن سینٹر کھلوانے پر اصرار کرنے والوں کی تنقید کو غیرضروری قرار دی تو موقف اپنایا کہ جب دیگر مراکز ہیں تو کیوں ایسے خصوصی مرکز پر اخراجات کیے جائیں۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں اب تک ویکسین کی 16 کروڑ 14 لاکھ سے زائد خوراکیں استعمال کرائی گئی ہیں۔ ابتدا میں زیادہ عمر کے افراد سے شروع کیا گیا ویکسینیشن کا سلسلہ اب 12 تا 18 برس عمر کے طلبہ و طالبات کو کورونا ویکسین کی فراہمی تک آ پہنچا ہے۔

شیئر: