Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوہر اور ساس، سسر کے ہاتھوں شامی خاتون کے قتل کی وڈیو وائرل

سسر احمد الحموی نے قتل کا اعتراف کیا- (فوٹو الامارات الیوم)
شام میں پیش آنے والے انسانیت سوز واقعے نے عرب دنیا کے سوشل میڈیا کو ہلا کر رکھ دیا- خاوند اور اس کے رشتے داروں کے ہاتھوں شامی خاتون کے قتل کی وڈیو نے تہلکہ مچا دیا تھا-
الامارات الیوم کے مطابق شامی وزارت داخلہ نے آیات الرفاعی پر تشدد میں ملوث شوہر اور اس کے اہل خانہ کے اقبالی بیانات میڈیا کو جاری کردیے-
آیات کے شوہر، اس کے سسر اور ساس نے اعتراف کرلیا ہے کہ ’وہی اس کے قتل کے ذمے دار ہیں- وہ اس کے ساتھ ہمیشہ بدسلوکی کرتے تھے‘-
شامی وزارت داخلہ نے ایک وڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں آیات الرفاعی کے سسر احمد الحموی اعتراف کررہے ہیں کہ ’انہیں آیات کے طور طریقے پسند نہیں تھے- اسے آتے جاتے، زینہ چڑھتے اترتے زدوکوب کیا کرتے تھے- میں، میری بیوی اور بیٹا تینوں مل کر اسے مارتے تھے‘-
الحموی نے بتایا کہ ’قتل کی رات میں نے اس کے  سر اور جسم پر ڈنڈے برسائے تھے- میرے بعد میرے بیٹے نے اس کے سر پر وار کیا تھا- اس رات میرے دوسرے بیٹے کا بیٹا آیا- اس نے بھی آیات پر تشدد کیا‘-
آیات کے شوہر غیاث الحموی نے بتایا کہ ’واردات کے روز ہم نے اسے خوب زدوکوب کیا- میرے والد نے اس کے سر اور جسم پر دو بار ڈنڈے برسائے-  میں اپنے والد کے ساتھ اختلاف کی وجہ دریافت کرنے کے  لیے کمرے میں گیا تو ہم دونوں کا جھگڑا ہوگیا- میں نے اس کا سر کئی بار دیوار میں دے مارا اور پھر کمرے سے باہر آگیا’-
شوہر نے بتایا کہ ’وہ اپنے بھائی کے ہمراہ ہسپتال گیا اور اس نے بیوی کے رشتے داروں سے  حقیقت حال چھپانے کی کوشش کی‘-
آیات کی ساس نے بھی اپنے بیٹے اور شوہر کے بیانات کی تائید کی-
شامی وزارت داخلہ نے بتایا کہ ’اس نے آیات کے دیور ابوالعز کو گرفتار کرلیا گیا ہے- وہ آیات کے رشتے داروں کو دھمکیاں دے رہا تھا اور ان پر مقدمہ ختم کرانے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا- شامی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ آیات  کے شوہر، ساس، سسر اور دیور کو عدالت میں پیش کیا جائے گا‘-
 
اردو نیوز واٹس ایپ ، اپنی پسند کا گروپ جوائن کریں

شیئر: