Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 دبئی: ایشیائی نے بیوی کو وحشیانہ طریقے سے کیوں قتل کیا؟

پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ ملزم وزٹ ویزے پر دبئی آیا تھا (فوٹو: الامارات الیوم)
44سالہ ایشیائی شہری بیوی کو دبئی کے القوز انڈسٹریل زون میں اس کے دفتر کے سامنے وحشیانہ انداز میں قتل کرکے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے تفتیش کے بعد گرفتار کرلیا۔
قتل کے بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی تھی۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی پولیس کے عینی شاہد نے بتایا کہ آپریشن روم کو رپورٹ ملی کہ القوز انڈسٹریل زون میں قتل کی واردات ہوئی ہے۔ جائے وقوعہ پر خاتون کی لاش خون میں لت پت پڑی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ کمپنی کے ڈائریکٹر اور دیگر افراد سے گفت و شنید کے بعد پتہ چلا کہ مقتول خاتون واردات سے کچھ منٹ قبل ہی اپنے شوہرکے ہمراہ باہر گئی تھی۔ فوری طور پر مفرور کی تلاش اور گرفتاری کی کارروائی شروع کردی گئی۔
پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ ملزم وزٹ ویزے پر دبئی آیا تھا۔ پولیس نے اپنے ذرائع سے پتہ لگا کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم جبل علی کے علاقے میں موجود تھا اورہاتھ میں سرخ رنگ کا بیگ بھی لیے ہوئے تھا۔
ملزم نے گرفتار ہونے پر اقبال جرم کرلیا۔ اس نے بتایا کہ وہ واردات کرکے میٹرو سے جبل علی پہنچ گیا تھا۔
بیوی کو دبئی میں وحشیانہ انداز میں قتل کرنے کا سبب دریافت کرنے پر بتایا کہ میری اس عورت سے شادی وطن میں ہوئی تھی۔ اس سے میری دو بیٹیاں ہیں۔ وہ ورک پرمٹ پر ملازمت کے لیے دبئی آئی ہوئی تھی۔ ملازمت ایک سال قبل انٹرنیٹ کے ذریعے ملی تھی۔
خاوند نے مزید بتایا کہ میری بیوی دفتر میں کارکن ساتھی خواتین کے ہمراہ فلیٹ میں رہائش پذیر تھی۔ اسی دوران مجھے بیوی کے دفتر کے ڈائریکٹر کا ایس ایم ایس ملا۔
ڈائریکٹر نے مجھے اطلاع دی کہ تمہاری بیوی تمہارے ساتھ خیانت کررہی ہے اور یہاں آنے کے بعد وہ کسی غیر مرد سے تعلقات قائم کیے ہوئے ہے۔
اطلاع ملتے ہی میں وزٹ ویزے پردبئی پہنچا۔ بیوی کے دفتر گیا اور کمپنی کے ڈائریکٹر سے ملاقات کر کے ایس ایم ایس کی بابت دریافت کیا۔ ڈائریکٹر نے ایس ایم ایس کی تصدیق کی تو میں اپنی بیوی کو دفتر سے لے کر باہر آیا۔ دونوں میں تلخ کلامی ہوئی۔ بیوی نے اس بات کا برا منایا کہ میں نے اس کے باس سے نازیبا انداز میں گفتگو کی۔
خاوند نے مزید بتایا کہ ہمارے درمیان تلخ کلامی مارپیٹ تک پہنچ گئی۔ ’بیوی نے میرے سینے پر مکا مار کر مجھے دھکا دیا اور چیخنے چلانے لگی۔ اس پر میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ میں دھار دار آلہ لیکر بیوی کے دفتر پہنچا تھا۔ میں نے اس پر پے درپے کئی وار کردیے اور پھر دھار دار آلہ جائے وقوعہ پر پھینک کر فرار ہوگیا۔‘
دبئی میں فوجداری کی عدالت نے قتل کے اعتراف پر ایشیائی شوہر کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع کردی ہے۔

شیئر: