Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کراچی ایٹ اگلے سال بھی ہوگا، پیار کرنے والے نہیں ہوں گے‘

کراچی ایٹ کے منتظمین کے مطابق ہم حکومتی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج سے تین روزہ ’کراچی ایٹ فیسٹول‘ شروع ہوچکا ہے اور سوشل میڈٰیا صارفین اس فیسٹول کے انعقاد پر زیادہ خوش محسوس نہیں ہورہے جس کی وجہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر سے تین ہزار 567 کیسز اور نو اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا ماننا ہے کہ فیسٹول میں لوگوں کا بڑی تعداد میں ایک جگہ جمع ہونا اس جان لیوا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔
صارف نیہا داگیا لکھتی ہیں کہ کراچی میں دو ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مثبت کیسز کی شرح 28 فیصد پر پہنچ چکی ہے، لیکن دوسری طرف کراچی ایٹ 2022 آج سے شروع ہوگیا ہے۔

’رینٹلسٹ‘ نامی اکاؤنٹ نے اس فیسٹول پر تنقید کے لیے طنز کا سہارا لیتے ہوا کہا گیا کہ ’آج کورونا کا کراچی ایٹ ویرینٹ آجائے گا۔‘

اسد قاضی نامی صارف نے لکھا ’کووڈ از رئیل والے آج خود کووڈ کو پھیلانے جائیں گے۔‘

کراچی میں کھانے پینے سے متعلق میلے پر تبصرہ کرنے والے صارفین کی جانب سے ٹوئٹر پر ’کراچی ایٹ کین ویٹ‘ جیسا ٹرینڈ بھی چلایا جا رہا ہے۔

’ہیز‘ نامی ٹوئٹر ینڈل نے اس حوالے سے لکھا کہ ’کراچی ایٹ اگلے سال بھی ہوگا لیکن آپ کے پیار کرنے والے نہیں ہوں گے اگر آپ نے اپنی ترجیحات درست نہ کیں۔‘

’دوستوں کے ساتھ دو تین گھنٹے کی تفریح ایک لمبی زندگی کے سامنے کچھ بھی نہیں۔‘
کراچی ایٹ کی رش میں جا کر خود کو اور اپنے پیاروں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے نام پیغام کے لیے شفیق الحسن نے ایک میم کا سہارا لیا جو ’تو نہ جا میرے بادشاہ‘ کے سلوگن پر مشتمل تھی۔

دوسری جانب کراچی ایٹ فیسٹول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں گے، ماسک اور ویکسین کے سرٹیفیکیٹ کے بغیر کسی کو بھی فیسٹول کے اندر نہیں داخل ہونے دیں گے۔
جمعہ کے روز وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بھی وبائی صورتحال میں ممکنہ پابندیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت ایسی نہیں کہ بندشوں کا سامنا کر سکے۔

شیئر: