Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا نے نوواک جوکووچ کا ویزہ ایک بار پھر کینسل کر دیا

آسٹریلیا کے امیگریشن کے وزیر الیکس ہاک نے کہا ہے کہ انہوں نے ویزے کی منسوخی صحت اور نظم و ضبط کی بنیاد پر کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا نے ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کا ویزہ ایک بار پھر کینسل کر دیا ہے۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق آسٹریلیا کے امیگریشن منسٹر الیکس ہاک نے جمعے کو جوکووچ کا ویزہ دوبارہ کینسل کیا ہے۔
ٹینس سپر سٹار نوواک جوکووچ کورونا ویکیسن لگوائے بغیر آسٹریلیا پہنچے تھے۔
آسٹریلیا کے امیگریشن کے وزیر الیکس ہاک نے کہا ہے کہ انہوں نے یہ اقدام (ویزے کی منسوخی) صحت اور نظم و ضبط کی بنیاد پر کیا کیونکہ ایسا کرنا عوامی مفاد میں ہے۔   
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’وزیراعظم سکاٹ موریسن کی حکومت آسٹریلیا کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، خاص طور پر کورونا وائرس کے وبائی مرض کے سلسلے میں۔‘
الیکس ہاک نے کہا کہ ’ویزے کی منسوخی کا مطلب یہ ہے کہ جوکووچ کو مخصوص حالات کے علاوہ تین برس تک آسٹریلیا کا ویزہ نہیں مل سکتا۔‘
پیر کو سربیا کے ٹینس کھلاڑی نوواک جوکوچ کے حق میں آسٹریلوی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا تھا کہ ان کو ملک میں داخل ہونے دیا جائے۔
سربیا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر ون ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کو آسٹریلوی حکومت نے کورونا کی حفاظتی شرائط پوری نہ کرنے پر ملک میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔
روئٹرز کے مطابق عالمی نمبر ون ٹینس سٹار نو مرتبہ اوپن ٹینس کے چیمپیئن رہ چکے ہیں جو آسٹریلین اوپن میں شرکت کی غرض سے جمعرات کو آسٹریلیا پہنچے تھے۔

شیئر: