Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عثمان خواجہ مسلمان ہیں‘،آسٹریلوی کپتان نے شائقین کے دل جیت لیے

سابق پاکستانی بولر نے پیٹ کمنز کو بہترین لیڈر قرار دیا ہے۔ (تصویر: اے ایف پی)
آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایشیز سیزیز میں چار صفر سے شکست دی ہے اور روایتی حریفوں کے خلاف ایسی جیت یقیناً بحیثیت کپتان پیٹ کمنز کے کیریئر کے بہترین لمحات میں سے ہوگی۔
کرکٹ شائقین جہاں آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو اس جیت پر مبارکباد دے رہے ہیں وہیں سوشل میڈیا صارفین پیٹ کمنز کو ایک اور وجہ سے بھی اچھا کپتان قرار دے رہے ہیں۔
ایشز ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر جب آسٹریلیا کی ٹیم کو ٹرافی تھمائی گئی تو تمام کھلاڑی جشن منانے جمع ہوئے اور ایک کھلاڑی شیمپین کی بوتل بھی ساتھ لے آئے۔
آسٹریلیا کی ٹیم میں دو سال بعد چوتھے ایشز ٹیسٹ میں دو سینچریوں کے ساتھ واپسی کرنے والے مسلمان کھلاڑی عثمان خواجہ اس لمحے جشن چھوڑ کر ایک طرف ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز کو عثمان خواجہ کی کمی کا احساس ہوا اور انہوں نے ساتھی کھلاڑی کو شیمپین اڑانے سے منع کیا اور ہاتھ کے اشارے سے عثمان خواجہ کو ٹیم کے ساتھ تصاویر بنوانے اور جشن منانے کے لیے بلایا۔
سابق پاکستانی فاسٹ بولر عمر گل اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ایک اچھا لیڈر ہمیشہ پوری ٹیم کا خیال رکھتا ہے اور ہر ایک کی عزت کرتا ہے۔‘
’پیٹ کمنز نے نے دکھا دیا کہ وہ اچھے لیڈر ہیں۔‘
ڈاکٹر زاف نامی صارف نے لکھا کہ بظاہر یہ معمولی سا واقعہ ہے لیکن عثمان خواجہ کے لیے یہ بڑی بات ہوگی اور اس سے وہ خود کو ٹیم کا حصہ سمجھیں گے۔

ہاشم نامی صارف نے اس واقعے پر ایک میم شیئر کی جس پر شعر لکھا تھا: ’جو یقیں کی راہ پر چل پڑے، انہیں منزلوں نے پناہ دی۔‘

میچ کے بعد اس واقعے پر ایک رپورٹر کے سوال پر جواب دیتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان نے کہا کہ ’عثمان ایک مسلمان ہیں اور انہیں شیمپین [ایک دوسرے پر] اڑانا پسند نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے بس یقینی بنایا کہ وہ (عثمان) وہاں آجائیں اور شیمپین نہ اڑائی جائے۔‘

شیئر: