Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین نیوی کے بحری جہاز میں دھماکہ، تین اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی

آئی این ایس رنویر 21 اپریل 1986 کو انڈین نیوی کے بیڑے میں شامل ہوا تھا (فائل فوٹو)
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈین نیوی کے ایک بحری جہاز میں دھماکے سے تین اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ 
منگل کی شب انڈین وزیر دفاع کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’یہ بدقسمت واقعہ نیول ڈاک یارڈ ممبئی میں پیش آیا ۔ آئی این ایس رنویر کے اندونی کمپارٹمنٹ میں ایک دھماکے سے تین نیول اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔‘ 
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔  
خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق کم از کم گیارہ اہلکار زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ 
این ڈی ٹی وی کے ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ یہ دھماکہ شام ساڑھے چار بجے ہوا اور اس کا تعلق بارود یا اسلحے کے دھماکے سے نہیں ہے۔ 
اس معاملے کی انکوائری کے لیے ایک بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ 
وزارت دفاع کے بیان کے مطابق بحری جہاز کے عملے سے بروقت کارروائی سے حالات کو قابو میں کر لیا تھا۔ 
خیال رہے کہ آئی این ایس رنویر ایسٹرن نیول کمانڈ کا نومبر 2021 سے حصہ ہے اور جلد ہی اسے بیس پورٹ پر واپس آنا ہے۔ 
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق آئی این ایس رنویر 21 اپریل 1986 کو انڈین نیوی کے بیڑے میں شامل ہوا تھا۔ یہ سابق سویت یونین میں تیار کیا گیا ہے۔ اس قسم کے بحری جہاز سب میرینز، کروز میزائل اور نچلی پرواز کرنے والے جنگی جہازوں کے خلاف دفاع فراہم کرنے کے کام آتے ہیں۔ 
انڈین نیوی کے موجودہ چیف ایڈمرل آر ہری کمار نے بھی اپنے کریئر کے ابتدائی دنوں میں اس بحری جہاز کی کمان سنبھالی تھی۔ 
 

شیئر: