برطانوی شہزادی کیتھرین نے کینسر کو شکست دینے کے بعد پہاڑوں پر چڑھنے کا چیلنج کیوں قبول کیا؟
برطانوی شہزادی کیتھرین نے کینسر کو شکست دینے کے بعد پہاڑوں پر چڑھنے کا چیلنج کیوں قبول کیا؟
ہفتہ 28 نومبر 2026 7:50
شہزادی کیتھرین نے مارچ 2024 میں اعلان کیا تھا کہ انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے (فوٹو: روئٹرز)
برطانیہ کی شہزادی کیتھرین اپنی بیماری کے خلاف جدوجہد پر بنائی گئی ایک نئی دستاویزی فلم میں اُس وقت اپنے آنسو نہ روک سکیں جب اِنہیں اپنے تین بچوں کی جانب سے حوصلہ افزائی کے پیغامات سنائے گئے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق برطانیہ کے کرائون پرنس شہزادہ ولیم کی اہلیہ 44 سالہ شہزادی کیتھرین کی اِس ذاتی نوعیت کی دستاویزی فلم کے لیے برطانیہ کے معروف ترین سخت جسمانی مشقت والے مقابلوں میں سے ایک ’تھری پیکس چیلنج‘ میں حصہ لیتے ہوئے فلم بندی کی گئی۔
شہزادی نے جون میں یہ چیلنج مکمل کیا تھا، جس کے دوران شرکا کو 24 گھنٹوں کے اندر سکاٹ لینڈ، انگلینڈ اور ویلز کے بلند ترین پہاڑوں کی چوٹیوں پر پہنچنا ہوتا ہے۔
انگلینڈ کے پہاڑ سکافیل پائیک پر چڑھنے کے چیلنج کے دوران ایک جذباتی منظر میں کیتھرین کے بھائی نے اُنہیں اُن کے اور شہزادہ ولیم کے تین بچوں جارج، شارلٹ اور لوئس کے پیغامات سنائے۔
فلم میں شہزادی کیتھرین کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’میرے بچوں نے مجھے ہسپتال سے باہر آنے کی وجہ فراہم کی۔ اب یہی بچے مجھے یہ چیلنج مکمل کرنے کا حوصلہ بھی دیں گے۔‘
شہزادی کے سب سے چھوٹے بیٹے آٹھ سالہ شہزادہ لوئس نے اپنے پیغام میں کہا ’ہیلو ممی! میں آپ سے بہت پیار کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آپ پہاڑ پر چڑھتے ہوئے بہت اچھا محسوس کریں گی۔‘
کیتھرین، جنہیں کیٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے مارچ 2024 میں اعلان کیا تھا کہ انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم انہوں نے بیماری کی نوعیت ظاہر نہیں کی تھی۔ اس وقت وہ کیموتھراپی کے مراحل سے گزر رہی تھیں۔
اُن کی بیماری کی تشخیص ایک ایسے وقت میں ہوئی تھی جب اُن کے سسر اور برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم بھی 78 سال کی عمر میں کینسر میں مبتلا ہونے کا اعلان کر چکے تھے۔
دستاویزی فلم میں شہزادی کیتھرین کہتی ہیں کہ ’کینسر یا کسی بھی طویل عرصے تک رہنے والی بیماری کا سامنا کرنا ایک تنہا سفر ہے۔ لیکن یہ بات واضح ہے کہ زندگی کے چیلنجز کا بوجھ ہمیں اکیلے اُٹھانے کے لیے نہیں بنایا گیا۔‘
13 برس کے شہزادہ جارج کا پیغام بھی شہزادی کیتھرین کو اُن کے بھائی جیمز نے سنایا۔ جارج اپنی والدہ کو ’مما‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ جیمز نے چیلنج کے دوران سکافیل پائیک تک اُن کا ساتھ دیا تھا۔
شہزادی کیتھرین کی بیٹی 11 سالہ شہزادی شارلٹ کا پیغام سب سے آخر میں سنایا گیا۔ شہزادی کیتھرین نے جنوری 2025 میں اعلان کیا تھا کہ اُن کا کینسر ختم ہو چکا ہے اور وہ بیماری کی علامات سے پاک ہونے کی حالت (ریمیژن) میں ہیں۔
شارلٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہیلو ممی! میں آپ سے بہت پیار کرتی ہوں۔ ہمیں آپ پر بہت فخر ہے کہ آپ یہ چیلنج اور پیدل سفر مکمل کر رہی ہیں۔ ہم آپ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں اور میں آپ کی حوصلہ افزائی کرتی رہوں گی۔ جلد ملاقات ہوگی۔‘
شہزادی کیتھرین اپنے تینوں بچوں کی جانب سے حوصلہ افزائی کے پیغامات ملنے پر آبدیدہ ہو گئیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اِس موقع پر شہزادی کیتھرین کی آنکھوں میں آنسو آ گئے اور اُنہوں نے کہا کہ ’یہ کتنا پیارا پیغام ہے۔‘
اتوار کو برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی پر نشر کی جانے والی دستاویزی فلم کے دیگر حصوں میں شہزادی کیتھرین ہسپتال میں گزارے گئے وقت کو ’انتہائی مشکل‘ قرار دیتی ہیں۔
پروگرام میں کیتھرین کو لندن کے ایک پب میں کینسر کے مریضوں اور اِس بیماری سے صحت یاب ہونے والے افراد کے ساتھ ایک سپورٹ گروپ کے اجلاس میں شرکت کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔
دستاویز فلم ’ہیل‘ 30 نومبر کو امریکہ میں این بی سی یونیورسل، یکم دسمبر کو آسٹریلیا میں چینل 9 اور 7 دسمبر کو کینیڈا میں سی ٹی وی اور نووو کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر نشر کی جائے گی۔
دستاویزی فلم کی تقسیم سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی برطانیہ کے رائل مارسڈن کینسر چیریٹی کو عطیہ کی جائے گی۔