فرانس میں آنسو گیس شیلنگ کے اثرات، ہزاروں خواتین میں شدید خون بہنے اور اسقاطِ حمل کی شکایات
فرانس میں آنسو گیس شیلنگ کے اثرات، ہزاروں خواتین میں شدید خون بہنے اور اسقاطِ حمل کی شکایات
ہفتہ 28 نومبر 2026 6:13
خواتین کے حقوق کے لیے قائم تنظیم ’لیکریموس ڈی سینگ‘ نے آنسو گیس کے ممکنہ تولیدی اثرات جاننے کے لیے ایک سروے کیا (فوٹو: گارڈین)
فرانس میں حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے وسیع استعمال کے بعد ہزاروں خواتین اور لڑکیوں نے غیر معمولی خون بہنے، ماہواری کے شدید درد اور بعض کیسز میں حمل ضائع ہونے کی شکایات کی ہیں، جس کے بعد صحت کے ماہرین نے ممکنہ اثرات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق 46 سالہ نائیما دی پیئرو، جو اینڈومیٹریوسس کے مرض میں مبتلا ہیں، گزشتہ تین سال سے مانع حمل ادویات کے ذریعے اپنی ماہواری کو کنٹرول کر رہی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 17 اکتوبر کو مظاہروں کے دوران آنسو گیس کا سامنا کرنے کے دو دن بعد انہیں غیر معمولی خون بہنا شروع ہو گیا جو تقریباً دس روز تک جاری رہا۔
فرانسیسی پولیس نے 17 اکتوبر کے احتجاجی مظاہروں کے دوران تقریباً 22 ہزار آنسو گیس گرینیڈ استعمال کیے تھے۔ اس کے بعد ملک بھر سے خواتین میں مختلف جسمانی علامات کی اطلاعات سامنے آنے لگیں۔
خواتین کے حقوق کے لیے قائم تنظیم ’لیکریموس ڈی سینگ‘ نے آنسو گیس کے ممکنہ تولیدی اثرات جاننے کے لیے ایک سروے کیا۔ تنظیم کے مطابق نو ہزار سے زائد خواتین اور طالبات نے بتایا کہ وہ آنسو گیس کی زد میں آئی تھیں، جن میں سے 94 فیصد نے امراضِ نسواں سے متعلق علامات کی شکایت کی۔
رپورٹ کے مطابق خواتین نے شدید رحم کے درد، غیر معمولی خون بہنے، ماہواری رک جانے، مسلسل کئی ہفتوں تک خون جاری رہنے اور جسمانی کمزوری جیسی علامات بیان کیں۔ بعض خواتین نے بتایا کہ درد اس قدر شدید تھا کہ وہ چلنے پھرنے یا کام کرنے کے قابل نہیں رہیں۔
تنظیم کو حمل ضائع ہونے کے متعدد واقعات کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔ آنسو گیس کی زد میں آنے والی 47 حاملہ خواتین میں سے 15 نے حمل ضائع ہونے کی اطلاع دی، جبکہ متعدد خواتین نے شدید درد، خون بہنے یا ہنگامی طبی امداد حاصل کرنے کا ذکر کیا۔
ایک خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے کتے کے ساتھ چہل قدمی کر رہی تھیں جب آنسو گیس ان کے چہرے پر آئی۔ ان کے مطابق انہیں شدید قے اور خون بہنے کا سامنا کرنا پڑا اور بعد میں سات ماہ کا حمل ضائع ہو گیا۔
مظاہروں میں شریک 20 سالہ طالبہ لوئزا مارٹن نے بھی غیر معمولی خون بہنے کی شکایت کی (فوٹو: گارڈین)
ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوان لڑکیاں، خصوصاً 20 سال سے کم عمر مظاہرین، ان اثرات سے زیادہ متاثر دکھائی دیں۔
نیورو اینڈوکرائنولوجی کی محقق سولین روجو کے مطابق ذہنی دباؤ ماہواری کے معمول میں تبدیلی تو لا سکتا ہے، لیکن ایسی شدید خون ریزی، رجونِ یاس کے بعد خون بہنے یا حمل ضائع ہونے کی وضاحت نہیں کر سکتا۔
مظاہروں میں شریک 20 سالہ طالبہ لوئزا مارٹن نے بھی غیر معمولی خون بہنے کی شکایت کی۔ وہ ایک ہارمونل بیماری میں مبتلا ہیں جس کے باعث ان کی ماہواری بہت کم ہوتی تھی، لیکن آنسو گیس کی زد میں آنے کے بعد انہیں شدید خون بہنے کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب فرانسیسی حکومت کا مؤقف ہے کہ 2021 اور 2022 میں کیے گئے سرکاری مطالعات میں آنسو گیس سے مخصوص صحت کے خطرات کا کوئی واضح ثبوت نہیں ملا۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ علامات ذہنی دباؤ سے بھی منسلک ہو سکتی ہیں۔
صحت کے ماہرین اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ہزاروں خواتین کی یکساں شکایات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا (فوٹو: گارڈین)
تاہم کئی ماہرین اس وضاحت سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کا کہنا ہے کہ آنسو گیس میں استعمال ہونے والا کیمیائی مادہ سی ایس بعض حیاتیاتی نظاموں کو متاثر کر سکتا ہے اور رحم میں سکڑاؤ پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کے ممکنہ اثرات مزید تحقیق کے متقاضی ہیں۔
صحت کے ماہرین اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ سائنسی شواہد ابھی محدود ہیں، لیکن ہزاروں خواتین کی یکساں شکایات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق فرانسیسی حکام کو آنسو گیس کے استعمال اور اس کے ممکنہ طبی اثرات پر مزید جامع تحقیقات کرنی چاہیئیں۔