Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گیارہ پاکستانی فلموں کی دبئی ایکسپو میں نمائش

پاکستانی فلمیں دبئی ایکسپو میں 21 جنوری سے 26 جنوری تک دکھائی جائیں گی۔ (فائل فوٹو: ایکٹران لا/فیس بک)
دبئی ایکسپو میں آج جمعرات سے پاکستان فلم ویک کا انعقاد ہو رہا ہے جہاں پاکستان میں بننے والی 11 فلمیں دکھائی جائیں گی۔
پاکستان کے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے جمعرات کو اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا کہ یہ تمام فلمیں دبئی ایکسپو کے پاکستانی انکلوژر میں 21 جنوری سے 26 جنوری تک دکھائی جائیں گی۔
پاکستان فلم ویک میں دکھائی جانے والی فلموں میں ظیفہ ان ٹربل، لوڈ ویڈنگ، پرے ہٹ لو، ایکٹر ان لا، پرواز ہے جنون، بن روئے، ہیر مان جا، پرچی، چھلاوا، سپرسٹار اور ساون شامل ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ ’حکومت نے اس سال پاکستان ٹیلیویژن (پی ٹی وی) میں ایک علیحدہ فلم ڈویژن قائم کیا ہے اور اس کے علاوہ پرائیوٹ سیکٹر کی جانب سے بھی 2022 میں دس فلمیں بنائی جائیں گی۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ امور شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین کا دورہ کیا تھا۔
پاکستان پویلین پر ان کا خیرمقدم پاکستان کے سفیر برائے متحدہ عرب امارات افضل محمود نے کیا۔
انہوں نے پاکستان ایکسپو ٹیم کو ایکسپو 2020 میں اپنے ملک کی صلاحیتیں مؤثر انداز میں دکھانے کے لیے سراہا۔
واضح رہے دبئی کے ایگزیبیشن سینٹر میں دبئی ایکسپو پچھلے سال اکتوبر میں شروع ہوا تھا اور اس میں 190 سے زائد ممالک کے پویلینز موجود ہیں۔
دبئی ایکسپو کا اختتام تقریباً چھ ماہ جاری رہنے کے بعد 31 مارچ کو ہوگا۔

شیئر: