اسلام آباد، کراچی اور حیدرآباد میں ان ڈور ڈائننگ پر پابندی
جمعرات 20 جنوری 2022 15:45
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
وبائی صورتحال میں اضافے اور کورونا کیسز کا تناسب بڑھنے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی اور حیدرآباد میں ان ڈور ڈائننگ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق اسلام آباد بھر میں ان ڈور ڈائننگ پر 21 جنوری سے مکمل پابندی رہے گی۔
اس سے قبل ہدایت کی گئی تھی کہ 24 جنوری سے ان ڈور ڈائننگ پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ ترمیمی نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں ان ڈور ڈائننگ پر عائد پابندی کا اطلاق 24 جنوری کے بجائے 21 جنوری سے ہو گا۔
جمعرات کو محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں ان ڈور ڈائننگ پر 21 جنوری جمعہ سے پابندی ہو گی۔
اس سے قبل حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ کراچی میں 24 جنوری سے ان ڈور ڈائننگ پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد، کراچی اور حیدرآباد میں ان ڈور ڈائننگ پر پابندی کا حکم ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب کورونا وبا کے مثبت کیسز کی شرح گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کئی گنا بڑھی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6808 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس عرصے میں 58943 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے 20 جنوری کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں مثبت کیسز کا تناسب 11.55 فیصد ہو چکا ہے۔